نئی دہلی، 25؍جنوری (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )بی جے پی لیڈر ونے کٹیار ایک بار پھرسرخیوں میں آگئے ہیں ۔اس بارانہوں نے پرینکاگاندھی کے خلاف قابل اعتراض زبان کا استعمال کیا ہے ۔ان کے اس بیان پر کانگریس نے جوابی حملہ بولا ہے۔کانگریس کے ترجمان رندیپ سرجیوالا نے ٹوئٹ کیا، پرینکا گاندھی کو لے کر ونے کٹیار کا بیان انتہائی اشتعال انگیز ہے، اس سے بی جے پی کی اس کے اشتعال انگیز روایت کی جھلک ملتی ہے جس میں خواتین کو صرف ایک سامان کے طور پر پیش کیا جاتا ہے۔سرجیوالا نے کہاکہ ہندوستان کی خواتین کو ان کی صلاحیت، طاقت اور قربانی کے بجائے ان کی جسمانی علامات کی بنیاد پر دیکھنا بی جے پی کی اوچھی ذہنیت ہے۔اس کام کے لیے نہ صرف وزیر اعظم مودی اور امت شاہ کو معافی مانگنی چاہیے بلکہ ونے کٹیار پر کارروائی بھی کی جانی چاہیے ۔خوبصورتی کو لے کر تبصرہ کرنے والے بی جے پی لیڈر ونے کٹیار کو پرینکا گاندھی نے جواب دیا ہے۔غورطلب ہے کہ ونے کٹیار نے پرینکا گاندھی کے بارے میں اشتعال انگیز تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ زیادہ خوبصورت نہیں ہیں ،ان سے زیادہ خوبصورت تو اسمرتی ایرانی ہیں جو جہاں جاتی ہیں، وہاں بھیڑ اکٹھا ہو جاتی ہے۔اس پر پرینکا نے جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا یہ بیان آدھی آبادی کو لے کر بی جے پی کی ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے۔پرینکا گاندھی نے کہا کہ بی جے پی صحیح کہتی ہے،ان کے پاس 'زیادہ خوبصورت امیدوار ہیں،اگر وہ میری ان مضبوط، بہادر اور خوبصورت ساتھیوں، جنہوں نے بڑی مشکلات کو پار کرکے یہ مقام حاصل کیا ہے، ان میں صرف یہی دیکھتے ہیں تو مجھے اس پر ہنسی آتی ہے۔انہوں نے ملک کی آدھی آبادی کو لے کر بی جے پی کی سوچ کو بے نقاب کر دیا ہے۔قابل ذکرہے کہ پرینکا گاندھی اترپردیش میں پہلی بار امیٹھی-رائے بریلی سے باہر تشہیر کرنے جا رہی ہیں۔کانگریس نے انہیں اپنا اسٹار کیمپینر بنایا ہے۔حالانکہ ابھی تک انہوں نے تشہیر شروع نہیں کی ہے، لیکن ان کے مخالفین نے ان کے خلاف بیان بازی ضرورشروع کردی ہے۔بدھ کو میڈیا سے بات چیت کے دوران بی جے پی لیڈر کٹیار نے کہاکہ پرینکا گاندھی خوبصورت خاتون ہیں، اچھا ہیں وہ تشہیر کریں، بہت دنوں سے نکلی نہیں ہیں، لیکن ان سے زیادہ خوبصورت عورتیں تو بی جے پی میں ہیں، جنہیں ہم لگا دیں گے۔انہوں نے کہاکہ جتنا پرینکا کو خوبصورت بتایا جاتا ہے، وہ اتنی خوبصورت نہیں ہیں، ہمارے یہاں اسمرتی ایرانی ہیں جو جہاں جاتی ہیں وہاں بھیڑ لگ جاتی ہے۔