ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / وشوجیت رانے کی حمایت میں کھل کر اتری بی جے پی

وشوجیت رانے کی حمایت میں کھل کر اتری بی جے پی

Sun, 14 May 2017 01:30:50    S.O. News Service

پنجی:13/مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) بی جے پی آج اپنے وزیر وشوجیت رانے کی حمایت میں کھل کر اتر گئی جن کے خلاف کانگریس نے ممبئی ہائی کورٹ میں نااہل قرار دینے کی درخواست دائر کی ہے۔بی جے پی کی گوا شاخ کے سیکریٹری جنرل سدانند تناوڈے نے یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ بی جے پی لیڈروشو جیت رانے کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے جن کے خلاف کانگریس نے نااہل قرار دینے کی درخواست دائر کی ہے۔ یہ ملک میں پہلا ایسا معاملہ ہوگا جس میں ایسے شخص کے خلاف نااہل قرار دینے کا معاملہ دائر کیا گیا ہے جو اسمبلی کا رکن نہیں ہے۔ اس وقت منوہر پاریکر حکومت میں وزیر رانے نے گزشتہ 16 مارچ کو اسمبلی رکن کے عہدے سے استعفی دے دیا تھا جب وزیر اعلی نے ایوان میں اکثریت ثابت کرنے کے لئے طاقت مظاہرہ کا سامنا کیا تھا۔وہ بعد میں بی جے پی میں شامل ہو گئے اور انہیں ریاستی کابینہ میں جگہ دی گئی۔کانگریس نے جمعہ کو ممبئی ہائی کورٹ کی گوا بنچ کے سامنے اپیل دائر کرکے رانے کو آئندہ ضمنی انتخابات لڑنے سے روکنے کی مانگ کی۔تناوڈے نے کہا کہ کانگریس پہلی ہی ہار مان چکی ہے جو رانے کو نااہل قرار دینے کے لئے دائر اس عرضی سے صاف پتہ چلتا ہے۔ رانے کو ضمنی انتخاب لڑنے سے روکنے کے لئے درخواست دائر کرنے کا مطلب ہے کہ پارٹی پہلے ہی سمجھ چکی ہے کہ وہ وشوجیت رانے کے خلاف نہیں جیت سکتے۔ بی جے پی لیڈر نے عرضی کو کانگریس کی طرف سے دائر ایک سیاسی عرضی بتایا جو آئندہ انتخابات میں والپوی اسمبلی حلقہ میں شرمناک شکست سے خود کو بچانا چاہتی ہے۔الیکشن کمیشن نے اب تک والپوئی ضمنی انتخاب کے لئے تاریخوں کا اعلان نہیں کیا ہے۔ یہ سیٹ رانے کے استعفی دینے کے بعد سے خالی ہے۔


Share: