بڑو دہ ، 17؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مرکزی وزیر ریل سریش پربھو نے آج چار نئے زمرے کی ٹرینوں کا اعلان کیا جس میں ایک نان ریزرو زمرے مسافروں کے لیے ہے اور تین ٹرینیں ریزرو زمرہ کے تحت ہوں گی۔یہ ٹرینیں اگلے چند ماہ میں چالو ہوجائیں گی۔پربھو نے کہاکہ نان ریزروزمرے کے تحت نئی ٹرین چلانے کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ بی پی ایل زمرہ کے لوگ بھی ٹرین سے سفر کر سکیں۔شہر کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف انڈین ریلوے اور ایم ایس یونیورسٹی آف بڑودہ کے درمیان گجرات کے نائب وزیر اعلی نتن پٹیل کی موجودگی میں مفاہمت نامہ پر دستخط ہونے کے موقع پر وزیرریل خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہاکہ یہ وزیر اعظم نریندر مودی کی سوچ ہے کہ بی پی ایل زمرے کے لوگوں کو سفر کی سہولت مہیا کرائی جائے۔پربھو نے کہاکہ بی پی ایل ایکسپریس لمبی مسافت کی، مکمل طور پر نان ریزرو ، سپر فاسٹ ٹرین سروس ہے جسے عام آدمی کے لیے شروع کیا جا رہا ہے اور یہ بھیڑ بھاڑ والے راستے پر چلائی جائے گی۔وزیر کے مطابق ریلوے لمبی مسافت کی ٹرینوں میں دو سے چار’دین دیالو‘ کوچ بھی جوڑے گا تاکہ نا ن ریزر و زمرے کے زیادہ مسافر سفر کر سکیں ۔انہوں نے کہاکہ دوسری ٹرینیں ہیں ’ہم سفر‘، جو مکمل طور تھرڈ اے سی ٹرین ہے۔تیسری قسم کی ٹرینیں 130کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑے گی جس میں مقامی کھانے ، وائی فائی اور دیگر سہولیات ملیں گی۔وزیر نے کہاکہ آخری قسم کی ٹرین ہے ’اودے‘ بہترین ڈبل ڈیکر ایئر کڈیشنڈ مسافر،جو رات میں چلنے والی ٹرینیں ہیں اور یہ بھیڑ بھاڑ والے راستے پر چلیں گی جس سے 40فیصد تک صلاحیت بڑھے گی۔انہوں نے کہاکہ یہ پورے ملک میں ریل سروس بڑھانے کی کوشش ہے۔وزارت ریل نہیں چاہتی کہ ریاست کے وزیر اعلی ریل بجٹ پیش کرنے کے موقع پر نئی دہلی آئیں کہ بجٹ میں ان کی ریاست کے مطالبے کو شامل کیا جا سکے۔بی جے پی لیڈر نے کہاکہ اب ریل کی وزارت تمام ریاستی حکومتوں سے رابطہ کر رہی ہے تاکہ ریلوے سے ہاتھ ملا کر مشترکہ طور پر کمپنیاں شروع کریں جو متعلقہ ریاستوں میں منصوبوں کو نافذ کر سکیں۔پربھو نے کہا کہ وڈودرہ اور احمد آباد کے درمیان اسپیشل ٹرین کا نام ’سنکلپ ایکسپریس‘ہو گا ۔اسپیشل ٹرین کو وڈودرا کے ایم پی رنجن بین بھٹ اور گجرات کے وزیر راجندر ترویدی نے ریلوے کے سینئر حکام کے موجودگی میں 14؍اگست کو ہری جھنڈی دکھائی تھی۔ایم او یو کے تحت ریلوے کے جن حکام کی فی الحال این اے آئی آر میں ٹریننگ چل رہی ہے وہ یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کر سکیں گے اور ایم بی اے کی ڈگری حاصل کر سکیں گے جن کی مہارت مالیات ، انسانی وسائل کے انتظام، پیداوار اور آپریشن کے انتظام اور مارکیٹنگ مینجمنٹ میں ہوگی ۔