نئی دہلی، 8؍اگست (آئی این ایس انڈیا )وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ کام کر رہے اعلی افسران کی تنخواہ حق اطلاعات قانون کے تحت وزیر اعظم کے دفتر (پی ایم او)کے ذریعہ ہی عوامی کر دی گئی ہے۔سب سے زیادہ تنخواہ پانے والے افسر وزیر اعظم کے سکریٹری بھاسکر کھلبے ہیں جنہیں تقریبا 2 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ کے طور پر دئیے جاتے ہیں۔پرنسپل سکریٹری نرپیندر مشرا، قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال اور ایڈیشنل پرنسپل سکریٹری پی کے مشرا کو مساوی 162500روپے ماہانہ تنخواہ کے طور پر اداکیا جاتا ہے ۔حالانکہ کچھ جوائنٹ سکریٹریوں کی تنخواہ اس رقم سے کچھ زیادہ 1.70لاکھ روپے ماہانہ ہے۔جوائنٹ سکریٹریوں میں سب سے زیادہ تنخواہ پانے والے ترون بجاج ہیں، جنہیں 177750روپے ماہانہ دیئے جاتے ہیں۔سب سے کم تنخواہ 17000روپے ماہانہ ہے جواس شخص کے نام کے ساتھ لکھا ہوا ہے، جسے ’ملٹی ٹاسکنگ اسٹاف ‘کا درجہ دیا گیا ہے۔یہ معلومات وزیر اعظم کے دفتر کی ویب سائٹ پریکم جون کو پوسٹ کی گئی تھی۔ویسے، وزیر اعظم کے دفتر میں تعینات اہلکاروں اور افسران کی تنخواہ اس وقت بھی عوامی کی گئی تھی ، جب ڈاکٹر منموہن سنگھ وزیر اعظم تھے ۔رضاکارانہ طور پر دی گئی معلومات کا مطلب یہی ہے کہ حکومت اپنی طرف سے وہ اطلاعات مہیا کراتی ہے جنہیں جاننے کی عوام سب سے زیادہ خواہش مندہوتی ہے۔