ملاقات کے دوران آنندی بین پٹیل کے غیرحاضررہنے پراٹھے سوال
گاندھی نگر6اگست(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)گجرات کے نامزد وزیراعلیٰ وجے روپانی نے آج گورنر او پی کوہلی سے مل کر حکومت بنانے کادعویٰ پیش کیا۔روپانی کو کل بی جے پی پارٹی اراکین کا لیڈر منتخب کیاگیاتھا۔حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کرنے کے بعدبی جے پی کے ریاستی انچارج دنیش شرما نے اعلان کیا کہ روپانی کل دوپہر 12:40بجے حلف برداری کریں گے۔روپانی کے علاوہ شرما اور نائب وزیر اعلیٰ مقررکئے گئے نتن پٹیل سمیت ریاست کے کئی دیگر رہنماؤں نے گورنرسے ملاقات کی۔بہر حال سبکدوش ہونے والے وزیراعلیٰ آندی بین پٹیل اس ملاقات کے دوران موجود نہیں تھیں۔ملاقات کے بعد شرما نے کہاکہ ہم نے گورنر کو بتایا کہ بی جے پی پارٹی اراکین نے نئے وزیراعلیٰ کے طور پر وجے روپانی اور نائب وزیراعلیٰ کے طور پر نتن پٹیل کے ناموں کی حمایت کی ہے۔شرمانے کہاکہ گورنرنے حلف برداری کے لئے اپنی منظوری دے دی ہے ۔حلف برداری کی تقریب کل دوپہر12:40منٹ پرمنعقدکی جائے گی۔بہرحال انہوں نے اس سوال کا براہ راست جواب نہیں دیا کہ جب روپانی اوردیگر رہنما حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کرنے گئے تواس وقت آنندی بین کیوں غیر موجود تھیں۔شرما نے صرف اتناکہاکہ جب انہوں نے استعفیٰ دیا اس وقت وہ موجود تھیں۔آج وہ موجودتھے جنہیں منتخب کیاگیاہے ۔پارٹی نے اس بات کابھی اشارہ نہیں دیاکہ روپانی اور پٹیل کے ساتھ اور کون کون حلف لے گا۔پارٹی نے کہاکہ ان چیزوں پرکام چل رہا ہے۔کل بی جے پی کی مرکزی قیادت نے نئے وزیر اعلیٰ کے طورپرروپانی کے نام پرمہرلگائی تھی جبکہ آخری وقت تک یہ قیاس لگائے جارہے تھے کہ نتن پٹیل ہی ریاست کے اقتدارکی کمان سنبھالیں گے۔