سری نگر ، 11؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )وادی کشمیر میں کچھ حصوں میں کرفیو اور باقی حصوں میں لوگوں کے ایک ساتھ جمع ہونے پر پابندی کی وجہ سے یہاں آج مسلسل 34ویں دن بھی عوامی زندگی متاثر رہی ۔ایک پولیس افسر نے بتایا کہ سری نگر اور اننت ناگ کے کچھ حصوں میں اب بھی کرفیو نافذ ہے۔انہوں نے بتایاکہ جنوبی کشمیر کے اننت ناگ شہر اور سری نگر کے پانچ تھانہ علاقوں میں کرفیو کاسلسلہ جاری ہے۔افسر کے مطابق جموں و کشمیر پیپلز لیگ کے سابق صدر شیخ عبد العزیز کی برسی کے پیش نظر آج پمپور میں بھی کرفیو لگا دیا گیا ہے۔ کشمیر کے باقی حصوں میں قانون وانتظام کی صورت حال برقراررکھنے کے پیش نظر احتیاطی طور پر چار یا اس سے زیادہ لوگوں کے ایک ساتھ جمع ہونے پر پابندی عائد ہے۔افسر نے بتایا کہ اس ہفتے کے شروع سے ہی کشمیر میں حالات میں بہتری کے اشارے مل رہے ہیں لیکن انتظامیہ کی طرف سے لگائی گئی پابندیوں اور علیحدگی پسند وں کی ہڑتال کی وجہ سے وادی میں مسلسل 34ویں دن بھی معمولات زندگی متاثر رہے ۔علیحدگی پسند وں کی ہڑتال یہاں کل تک جاری رہے گی۔علیحدگی پسندوں نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ آج عزیز کی برسی کے موقع پر شہیداء کی قبروں تک جاکر اجتماعی دعا کریں۔عزیزکو 2008میں ہلاک کر دیا گیا تھا۔