نوئیڈا، 27؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)نوئیڈا کے صرفہ آباد گاؤں میں گزشتہ دو ماہ کے دوران 10افراد کی موت ہو جانے کے بعد ضلع انتظامیہ نے اس کی جانچ کی ہدایت دی ہے ۔حالانکہ محکمہ صحت کے حکام نے ان اموات کا سبب وائرل بخارکو بتایا ہے۔گزشتہ دو دنوں کے دوران صرفہ آباد میں نئے بنائے گئے ہیلتھ کیمپ میں گاؤں کے تقریبا 1150لوگوں نے بخار کی علامات والی بیماری کی اطلاع دی ہے۔چیف میڈیکل آفیسر(سی ایم او)ایس سی گپتا کا کہنا ہے کہ بنیادی طور پر صفائی کی کمی اور انفیکشن کی وجہ سے یہ بیماری پھیلی ہے۔گاؤں والوں کے مطابق صرف دو مہینے کے اند ر یہ اموات ہوئی ہیں۔گاؤں میں بیماری پھیلنے کے بعد ضلع مجسٹریٹ این پی سنگھ نے محکمہ صحت اور آئی ایم اے کو اس بیماری کی وجوہات کا پتہ لگانے کی ہدایت دی ہے ۔اس کے علاوہ ضلع مجسٹریٹ نے ڈاکٹروں کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی ہیں اور صرفہ آباد گاؤں میں ایک ہیلتھ کیمپ لگانے کے احکامات جاری کئے ہیں۔انہوں نے چیف میڈیکل افسر کو اس گاؤں میں اور آس پاس کے گاؤں میں انفیکشن مخالف دواکے چھڑکاؤ کی ہدایت بھی دی ہے ۔نوئیڈا اور گریٹر نوئیڈا کے حکام نے بھی پورے علاقے میں دواؤں کے چھڑکاؤ اور مناسب صفائی کی ہدایت دی ہے ۔ڈاکٹروں نے گاؤں سے تقریبا 100لوگوں کے خون کے نمونے جمع کئے ہیں اور انہیں جانچ کے لیے لیبارٹری بھیج دیا ہے۔خون کے نمونوں کی تقریبا 40رپورٹیں مل چکی ہیں اور ان میں چکن گنیا یا ڈینگو کی علامات نہیں پائی گئیں ، چیف میڈیکل افسر نے ان کے وائرل بخار کا معاملہ ہونے کا دعوی کیا ہے۔آئی ایم اے کے صدر اے کے اگروال نے آج کہا کہ آئی ایم اے کی ایک ٹیم نے آج صبح صرفہ آباد گاؤں کا دورہ کیا اور لوگوں کی اموا ت کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے ہلاک شدگان کے اہل خانہ سے بات چیت کی۔