بنگلورو:10/اپریل(ایس او نیوز)وزیر داخلہ اور کرناٹکا پردیش کانگریس کمیٹی صدر ڈاکٹر جی پرمیشور نے کہاکہ ننجنگڈھ اور گنڈل پیٹ اسمبلی حلقوں کے ضمنی انتخابات میں کانگریس امیدواروں کی کامیابی یقینی ہے۔ آج ودھان سودھا کے روبرو محکمہئ پولیس میں 51گلابی ہوئسلا گاڑیوں کی شمولیت کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دونوں حلقوں میں کانگریس امیدوار اپنے حریفوں کے مقابل زیادہ سے زیادہ فرق سے کامیابی حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ کے پی سی سی صدارت پر انہیں بنے رہنے یا کسی اور کو یہ عہدہ دینے کے متعلق فیصلہ کانگریس اعلیٰ کمان کی طرف سے کیا جائے گا، مقامی سطح پر یہ فیصلہ ممکن نہیں۔اعلیٰ کمان کی ہدایت کے مطابق وہ کام کریں گے، اگر ان سے کہا جائے کہ عہدہ کسی اور کے حق میں خالی کردیں تو اس میں ایک پل کی بھی دیری نہیں ہوگی۔ تحفظ خواتین واطفال کیلئے گلابی ہوئسلاگاڑیوں کی تعیناتی اور سرکشا ایپ متعارف کرانے کے اقدام کو محکمہئ پولیس کی ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہاکہ اس سے یہ بات بھی ظاہر ہوتی ہے کہ حکومت تحفظ خواتین واطفال کے تئیں کس حد تک سنجیدہ ہے۔ گزشتہ ایک سال سے اس طرح کی سہولت اور موبائل ایپ شروع کرنے کے متعلق غور وخوض اور تیاریاں جاری تھیں۔ دشوار حالات کا سامنا کرنے والی خواتین کی فوری مدد کیلئے اس سہولت سے کافی فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ محکمہئ پولیس میں خواتین کی تعداد میں مرحلہ وار اضافہ کیاگیاہے، فی الوقت مجموعی پولیس فورس میں 20 فیصد خواتین شامل ہیں۔