بنگلورو:3/اپریل(ایس او نیوز) وزیر شہری ترقیات وحج جناب روشن بیگ نے آج گنڈل پیٹ اسمبلی حلقہ میں کانگریس قائد وسابق مرکزی وزیر ڈاکٹر کے رحمن خان اور دیگر کے ہمراہ حلقہ بھر میں انتخابی مہم چلائی۔ ریاست میں وزیر اعلیٰ سدرامیا کی قیادت والی حکومت کی طرف سے سماج کے تمام طبقات بالخصوص اقلیتوں کی فلاح وبہبود کیلئے کئے گئے اقدامات انہوں نے گنڈل پیٹ اور ننجنگڈھ حلقوں کے عوام اور مختلف اداروں اور انجمنوں کے ذمہ داروں کے سامنے پیش کئے اور بتایا کہ موجودہ حالات میں ملک کی سالمیت اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کیلئے کانگریس جیسی سیکولر سیاسی طاقت کومضبوط کرنا ہر شہری بالخصوص اقلیتوں اور دیگر کمزور طبقات کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک بھر میں فرقہ پرست طاقتوں نے جس طرح سے سر اٹھاکر اقلیتوں کے حقوق چھیننے اور انہیں بے سہاراکرنے کی کوشش شروع کی ہے آنے والے دنوں میں کرناٹک ہی ان کوششوں کے خاتمہ کی شروعات کا ذر یعہ بن سکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ اترپردیش اسمبلی انتخابات میں کامیابی کے بعد فرقہ پرست طاقتوں کے حوصلے اس قدر بلند ہوچکے ہیں کہ وہ ملک کے کمزور طبقات اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کو معاشی طور پر نقصان پہنچانے اور ان کی سیاسی حیثیت کو ختم کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ان حالات میں مسلمانوں پر یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ اپنی سیاسی طاقتوں کومنتشر یا کمزور ہونے نہ دیں بلکہ متحد ہوکر سیکولر سیاسی طاقت کانگریس کو مضبوط کرنے کی طرف آگے بڑھیں، اس موقع پر ڈاکٹر کے رحمن خان نے بھی جناب روشن بیگ کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے عوام سے کانگریس کے حق میں ووٹ دینے کی پرزور گذارش کی۔کانگریس لیڈر محمد عبیداللہ شریف اس موقع پر دونوں قائدین کے ہمراہ موجود تھے۔