ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / نرسنگھ معاملے میں کانگریس نے کیاجانچ کا مطالبہ

نرسنگھ معاملے میں کانگریس نے کیاجانچ کا مطالبہ

Wed, 27 Jul 2016 20:51:44    S.O. News Service

نئی دہلی، 27؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )ریو اولمپکس میں میڈل جیتنے کے امکانات والے کھلاڑیوں کو نااہل قراردینے کے لیے سازش رچنے کا الزام لگاتے ہوئے آج راجیہ سبھا میں کانگریس کے ایک رکن نے اس سلسلہ میں تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا کہ کیا پہلوان نرسنگھ یادو اور دودیگرکھلاڑیوں کو ان کے بتائے بغیر ممنوعہ دوا ملا ہوا کھانا دیا گیا تھا۔کانگریس کے پرمود تیواری نے وقفہ صفر کے دوران یہ مسئلہ اٹھاتے ہوئے الزام لگایا کہ ہندوستانی کھیل اتھارٹی(ایس آئی ای ) کے باورچی خانے میں دال میں ممنوعہ دوا ملائی گئی تھی اور اس کی وسیع تحقیقات کی جانی چاہیے تاکہ اس معاملے کی تہہ تک پہنچا جا سکے۔تیواری نے کہا کہ اگر کھلاڑی نے نادانستہ طور پر ممنوعہ دوا کا استعمال کیا ہے تو اسے ٹورنامنٹ کے لیے ایک موقع دیا جانا چاہیے اور اگر اس نے جان بوجھ کر ایسا کیا ہے تو اسے سزا دی جانی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی اہم مسئلہ ہے اور وقت بہت ہی کم ہونے کی وجہ سے اس کا جلد حل ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈوپ ٹیسٹ میں میڈل جیتنے کے امکانات والے تین تین کھلاڑیوں کو نااہل قراردے دیا گیا ہے اور یہ تشویشناک بات ہے۔ڈپٹی چیئرمین پی جے کورین نے کہا کہ یہ سنگین مسئلہ ہے اور اگر کوئی سازش ہوئی ہے تو اس کی جانچ کی جانی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں نرسنگھ یادو ہندوستان کے لیے تمغہ جیت چکے ہیں۔کیا اس طرح کھلاڑیوں کو ناا ہل قراردینے کے لیے سازش رچنا ممکن ہے؟ ۔پارلیمانی امور وزیر مملکت مختار عباس نقوی نے کہا کہ وہ اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ یہ ایک انتہائی سنگین مسئلہ ہے اور وہ متعلقہ وزیر کو ایوان کے جذبے سے آگاہ کریں گے۔


Share: