حیدرآباد، 21؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )سابق وزیر اعظم پی وی نرسمہا راؤ کی طرف سے اقتصادی اصلاحات شروع کرنے کے25سال مکمل ہونے کے موقع پر ان کے پوتے این وی سبھاش نے افسوس کا اظہار کیا کہ کانگریس نے ان کی خدمات کو شناخت نہیں دی اور ان باتوں سے انکارکیاکہ سابق وزیر اعظم کے سونیا گاندھی سے تعلقات خوشگوار نہیں تھے۔سبھاش نے کہا کہ کچھ حلقوں میں اس طرح کا تصور صحیح نہیں ہے کہ راؤ کے وزیر اعظم رہتے سونیا سے تعلقات اچھے نہیں تھے، انہوں نے کہا کہ دونوں میں بہت اچھے رشتے تھے ۔سبھاش نے کہا کہ کابینہ کی میٹنگ سے پہلے اور بعد میں راؤ ہمیشہ سونیا سے ملاقات کرتے تھے، کابینہ کی توسیع اور غیر ملکی دورے کو لے کر ان سے صلا ح ومشورہ کرتے تھے اور الیکشن سے پہلے ان کی پسند کے امیدواروں کو لے کر بحث کرتے تھے۔انہوں نے میڈیا سے کہاکہ ایک وزیر اعظم اور کیا کر سکتا ہے؟انہوں نے کہا کہ گاندھی خاندان کو ایس پی جی سیکورٹی ملی ہوئی تھی، راجیو گاندھی فاؤنڈیشن کو سرکاری فنڈ جاری کئے گئے اور راؤ نے خاندان کا مناسب طریقے سے خیال رکھا۔سبھاش نے کہاکہ بہت سے لوگوں کا خیال تھا کہ اگر راؤپانچ سال اور وزیر اعظم رہے تو لوگ نہرو گاندھی خاندان کو بھول جائیں گے۔حقیقت میں اپنے فائدہ کے لیے انہوں نے سونیا کو بھڑکایا۔میرا خیال ہے کہ سونیا کی راؤ سے کوئی دشمنی نہیں تھی ۔ان کے شوہرراجیو گاندھی ان سے بڑے تھے۔قدرتی طور پر ان کو احترام دینا تھا۔انہوں نے کہا کہ یہ نسل لبرلائزیشن کے پھل کا مزہ لے رہی ہے جس کی بیج 1991میں بوئی گیا تھا ، ملک میں تیزی سے اقتصادی ترقی ہو رہی ہے اور اس کا کریڈٹ راؤ کو جاتا ہے جن کے بعد کی حکومتیں اصلاحات کے اسی راستے پر چلیں۔