بلیا، 28؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )بدزبانی معاملہ میں بی ایس پی سربراہ مایاوتی اور پارٹی کے دیگر لیڈروں کی گرفتاری کے مطالبہ کو لے کر بلیا بی جے پی اقلیتی سیل کے سابق ضلع صدر کو آج خودکشی کی کوشش کے الزام میں گرفتار کر لیا گیاہے ۔پولیس سپرنٹنڈنٹ منوج کمار جھا نے بتایا کہ ضلع ہیڈ کوارٹر کے کلکٹریٹ احاطے میں بی جے پی اقلیتی مورچہ کے سابق ضلع صدر کمال الدین شیخ نے اپنے جسم پر مٹی کا تیل ڈال کر خودکشی کی کوشش کی، اس دوران پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا۔شیخ نے بی جے پی کے سابق لیڈر دیاشنکر سنگھ کی طرف سے مایاوتی کے بارے میں کئے گئے نازیبا تبصرے کی مخالفت میں لکھنؤ میں گزشتہ ہفتے ہوئے مظاہرے میں سنگھ کی بیوی، ماں اوربیٹی کے خلاف مبینہ توہین آمیز نعرے لگائے جانے کے معاملے کو لے کر تین دن پہلے بی ایس پی سربراہ مایاوتی اور پارٹی لیڈر نسیم الدین صدیقی کا پتلہ نذرآتش کیا تھا۔ساتھ ہی اس نے تین دن کے اندر مایاوتی، نسیم الدین اور دیگر ملزم لیڈروں پرکارروائی نہیں ہونے پر خودکشی کا اعلان کیا تھا۔