نئی دہلی 3اگست(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)رشوت کے الزامات کو لے کر دہلی کابینہ سے ہٹائے گئے عاصم احمدخان نے آج دعویٰ کیا کہ ان کے خاندان کو عام آدمی پارٹی(آپ)کی طرف سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔کچھ دنوں پہلے انہوں نے الزام لگایا تھا کہ انہیں وزیراعلیٰ اروند کجریوال اورپارٹی کے کچھ لوگوں کی جانب سے ’’جان سے مارنے کی دھمکیاں‘‘مل رہی ہیں۔تاہم آپ نے ان الزامات کو یہ کہتے ہوئے مسترد کیا کہ خان نے پارٹی پر حملہ کرنے کے لیے بی جے پی سے اتحاد کیا ہے۔خان نے دعویٰ کیاکہ یکم اگست کوانہیں’’آپ کی ایک خیر خواہ‘‘سے مخبری ملی تھی کہ پارٹی کی طرف سے ان کے والد کو نشانہ بنایا جائے گا اور ان کے خلاف ایک فرضی شکایت درج کرائی جائے گی۔ان کا دعویٰ ہے کہ آپ ناخوش تھی کیونکہ وہ پارٹی میں’’بے چینی کامسئلہ‘‘اٹھا رہے تھے۔اسی دن میں نے یہ بات جامع مسجد پولیس تھانے کے نوٹس میں لائی ۔مٹیامحل کے رکن اسمبلی نے دعویٰ کیاکہ کل، تین خواتین ہماری دکان میں آئیں ۔وہ میرے والد کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کرانا چاہتی تھیں۔لیکن ہم نے پولیس بلائی جس کے بعدوہ چلی گئیں۔