ممبئی: 7/اپریل (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )مہاراشٹراسمبلی کے باہرجمعرات کواس وقت سبھی کی نگاہیں تھم گئیں، جب وہاں دنیا کی مہنگی کاروں میں شمار لیمبارگنی فراٹے بھرتی ہوئی داخل ہوئی۔واضح رہے کہ اسمبلی میں اس وقت بجٹ سیشن چل رہا ہے، بجٹ اجلاس میں شامل ہونے بی جے پی ممبراسمبلی نریندرمہتااپنی اس مہنگی کار سے پہنچے تھے،لیکن وہاں پہنچتے ہی نیوز چینلوں اور اخبارات کے کیمرے نے کار کو گھیر لیا، اپنی چمچماتی کار کو میڈیا کے کیمروں سے گھیرتا دیکھ کر مہتا نے وہاں سے نکلنے میں ہی عافیت سمجھی۔بی جے پی ممبر اسمبلی نریندر مہتا نے تنازعہ اٹھنے کے خوف سے یو ٹرن لیتے ہوئے اپنی لیمبارگنی کار کے ساتھ وہاں سے نکل گئے۔جس لیمبارگنی کار سے نریندر مہتا اسمبلی پہنچے تھے، وہ گزشتہ سال بھی تنازعات میں گھر چکی ہے۔5.5کروڑ روپے کی یہ نارنگی رنگ کی لیمبارگنی کار بی جے پی ممبر اسمبلی نے گزشتہ سال اگست میں اپنی بیوی کو سالگرہ پر گفٹ کے طورپر دیا تھا۔ان کی بیوی کار لے کر سڑک پر نکلیں اور ایک آٹورکشہ کو ٹکر مادی دیا تھا۔حالانکہ مقامی ممبر اسمبلی کی بیوی کے خلاف آٹو ڈرائیورنے زخمی ہونے کے بعد بھی معاملہ درج نہیں کرایا تھا۔غورطلب ہے کہ نریندر مہتا ممبئی سے متصل میری بھیندر اسمبلی سیٹ سے بی جے پی کے رکن اسمبلی ہیں، نریندر مہتا پیشے سے بلڈر بھی ہیں،5.5کروڑ کی جو لیمبارگنی ان کے پاس ہے وہ ملک کے چنندہ لوگوں کے پاس ہی ہے، اس کار کی خاص بات یہ ہے کہ یہ کار محض 3.4سیکنڈ میں ہی 0سے 100کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار پکڑ لیتی ہے۔کار کی ٹاپ اسپیڈ 324کلومیٹر فی گھنٹہ ہے،لیمبارگنی کی اس زبردست سوپرکار میں 5.2لیٹر V10انجن لگایا گیا ہے جو 610بی ایچ پی کا پاور اور 560Nmکا شاندار ٹارک دیتی ہے۔