ممبئی، 30 ستمبر (آئی این ایس انڈیا) شیوسینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے کے بیٹے آدتیہ ٹھاکرے نے پیر کو کہا کہ وہ مہاراشٹر میں آئندہ اسمبلی الیکشن لڑیں گے۔آدتیہ نے یہاں پارٹی کی ایک ریلی میں یہ اعلان کیا۔ یہ پہلا موقع ہوگا جب ٹھاکرے خاندان سے کوئی شخص انتخابات لڑے گا۔انہوں نے کہا کہ ممبئی کی ورلی اسمبلی سیٹ سے الیکشن لڑیں گے۔
شیوسینا کے موجودہ رکن اسمبلی سنیل شندے آدتیہ کے لئے اپنی سیٹ خالی کریں گے۔انہوں نے لوگوں سے کہا کہ مجھے جیت کا بھروسہ ہے کیونکہ آپ سب کا آشیرواد میرے ساتھ ہے۔شیوسینا کے ایک ذرائع نے کہا کہ ورلی کو شیوسینا کی سب سے محفوظ اسمبلی سیٹوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ اس وجہ آدتیہ کی امیدواری کو حتمی شکل دی گئی ہے۔ این سی پی کے سابق رہنما سچن ا ہیر حالیہ دنوں شیوسینا میں شامل ہوئے تھے جو آدتیہ ٹھاکرے کی جیت کو آسان بنا سکتے ہیں۔ اہیر کو 2014 کے اسمبلی انتخابات میں سنیل شندے نے شکست دی تھی۔بال ٹھاکرے کے ذریعہ 1966 میں شیوسینا کے قیام کے بعد سے ٹھاکرے خاندان سے کسی بھی رکن نے کوئی الیکشن نہیں لڑا ہے یا پھر وہ کسی بھی آئینی عہدے پر نہیں رہا ہے۔ ادھو کے کزن اور مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس) سربراہ راج ٹھاکرے نے 2014 میں ریاست میں ہوئے اسمبلی انتخاب لڑنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ انہوں نے ایک شیو سینانی کو مہاراشٹر کا وزیر اعلی بنانے کا وعدہ کیا تھا۔سیٹوں کی تقسیم کو لے کر ہوئے تنازعہ کے بعد 2014 کے اسمبلی انتخابات بی جے پی اور شیوسینا نے الگ لڑا تھا۔