ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / مہاراشٹر اسمبلی میں گونجا کوپرڈی اجتماعی عصمت دری معاملہ

مہاراشٹر اسمبلی میں گونجا کوپرڈی اجتماعی عصمت دری معاملہ

Mon, 18 Jul 2016 20:33:53    S.O. News Service

ممبئی، 18جولائی؍(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)احمدنگر ضلع میں نابالغ لڑکی کی اجتماعی عصمت دری کے بعد قتل کا معاملہ آج مہاراشٹر اسمبلی میں گونجا۔اسمبلی کا مانسون اجلاس چل رہا ہے۔ایوان زیریں میں اپوزیشن کے ہنگامے کے بعد وزیر اعلی دیویندر فڑنویس نے بیان جاری کرکے کہا کہ احمد نگر ضلع کے کوپرڈی گاؤں میں نابالغہ کی اجتماعی عصمت دری کے بعد قتل کرنے کے قصورواروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس معاملے کی سماعت فاسٹ ٹریک عدالت میں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اججول نکم سرکاری وکیل ہوں گے۔فڑنویس نے کہا کہ ریاستی حکومت نے متاثرہ لڑکی کے خاندان کو پانچ لاکھ روپے کی مالی مدد دی ہے۔انہوں نے بتایا کہ عصمت دری کی شکار لڑکی اور ملزمان کے ڈی این اے کے نمونے فورنسک تحقیقات کے لئے بھیج دیے گئے ہیں۔نیشنلسٹ کانگریس پارٹی(این سی پی) کے رکن اسمبلی اجیت پوار نے اس مسئلے کو ایوان زیریں میں اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ کوپرڈی معاملہ دہلی میں ہوئے نربھیا گینگ ریپ سے بھی زیادہ خطرناک ہے۔سابق نائب وزیر اعلی پوار نے کہا کہ میں وزیر اعلی فڑنویس سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ متاثرہ کو اپنی اور ہماری بیٹی سمجھتے ہوئے قصورواروں کے خلاف کارروائی کریں۔سابق وزیر اعلی پرتھوی راج چوہان نے اس معاملے پر ایوان میں آج ہی بات کرنے پر زور دیا۔اپوزیشن کے لیڈر رادھاکرشن وکھے پاٹل نے التواء کا نوٹس دے کر کہا کہ یہ معاملہ سنگین ہے اور ایوان کو اس پر بحث کرنی چاہئے۔فڑنویس نے کہا کہ اس معاملے پر ایوان میں بحث سے پہلے مختلف جماعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ ملاقات میں اس پر بحث کی جا سکتی ہے۔گزشتہ ہفتے ایک 15سالہ لڑکی کے ساتھ تین لوگوں نے اجتماعی عصمت دری کی تھی اور بے رحمی سے اس کو قتل کر دیاتھا۔کانگریس نے اس واقعہ کے بعد فڑنویس سے اخلاقیات کی بنیادپراستعفیٰ مانگا ہے۔


Share: