ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / مہاتما گاندھی کے قتل میں آ رایس ایس کے کردار پر راہل نے کہا،میں اپنے ہر لفظ پر قائم ہوں

مہاتما گاندھی کے قتل میں آ رایس ایس کے کردار پر راہل نے کہا،میں اپنے ہر لفظ پر قائم ہوں

Thu, 25 Aug 2016 19:27:43    S.O. News Service

نئی دہلی ، 25؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مہاتما گاندھی کے قتل میں آر ایس ایس کے کردار پر اپنے بیان سے یو ٹرن لینے کی بات کو مسترد کرتے ہوئے کانگریس نائب صدر راہل گاندھی نے آج زور دے کر کہا کہ وہ اپنی طرف سے کہے گئے ہر لفظ پر قائم ہیں۔انہوں نے ٹویٹ کیا کہ میں آر ایس ایس کے نفرت آمیز اور تقسیم ایجنڈے کے خلاف لڑنا کبھی بند نہیں کروں گا،میں نے جو بھی کہا، اس کے ہر لفظ پر قائم ہوں۔راہل گاندھی کا یہ ٹویٹ ایسے وقت میں آیا ہے جب میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے سپریم کورٹ کو کل بتایا کہ انہوں نے مہاتما گاندھی کے قتل کے لئے کبھی بھی آر ایس ایس کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا بلکہ صرف اتنا کہا تھا کہ اس تنظیم میں کچھ لوگ اس کے لئے ذمہ دار تھے۔راہل کے ٹویٹ سے پہلے اطلاعات و نشریات کے وزیر ایم وینکیا نائیڈو نے آج صبح کہا کہ کانگریس نائب صدر کو عقل آ گئی ہوگی۔اچھا، راہل نے سپریم کورٹ کے سامنے بالآخر قبول کرلیا ہے کہ آر ایس ایس مہاتما گاندھی کے قتل کامجرم نہیں ہے۔نائیڈو نے ٹویٹ کرکے کہا تھاکہ عقل آ گئی ہے،یہ ایک یو ٹرن ہو سکتا ہے لیکن ایک اچھا ٹرن ہے۔راہل گاندھی کی جانب سے پیش ہوئے سینئر وکیل اور کانگریس لیڈر کپل سبل نے سپریم کورٹ کے سامنے اس حلف نامے کا حوالہ دیا جوممبئی ہائی کورٹ میں داخل کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ راہل نے آر ایس ایس کے صرف کچھ لوگوں کو ملزم بنایا تھا نہ کہ تنظیم کو۔سبل نے عدالت کو بتایا تھا کہ میں نے کبھی بھی یہ بیان نہیں دیا کہ آر ایس ایس نے مہاتما گاندھی کو مارا، بلکہ آر ایس ایس سے منسلک کچھ لوگوں نے انہیں مارا تھا۔


Share: