ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / مولانا رابع حسنی ندوی کے بدست لکھنو میں مولانا برھان الدین سنبھلی کی کتاب "علم فقہ اور فکر صحیح کی شاہ کلید" کا رسم اجرا

مولانا رابع حسنی ندوی کے بدست لکھنو میں مولانا برھان الدین سنبھلی کی کتاب "علم فقہ اور فکر صحیح کی شاہ کلید" کا رسم اجرا

Fri, 30 Nov 2018 17:19:58    S.O. News Service

لکھنؤ۔ 30 نومبر (ایس او نیوز) دین اسلام پر عمل کرنے اور اس پر باقی رہنے کے لیے ہمیں اللہ کے احکامات اور نبی کریم ﷺ کے طریقے اور سنت کو جاننا ہوگا، آج کل ہم مسلمانوں کے حالات بہت ناگفتہ ہوچکے ہیں، ہم صرف رسم رواج پر عمل کرتے ہیں دین اسلام سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے حالانکہ ہم اللہ کی نظر میں اسی وقت پسندیدہ ہو سکتے ہیں جب ہم اسلام پر مکمل عمل کریں۔ان خیالات کا اظہار ناظم دارالعلوم ندوۃ العلماء و صدر مسلم پرسنل لا بورڈ مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی نے کیا۔ وہ ندوۃ العلماء شیخ التفسیر واستاذ فقہ و حدیث مولانا برھان الدین سنبھلی کی کتاب "علم فقہ اور فکر صحیح کی شاہ کلید" کی رسم اجرا سے خطاب کر رہے تھے۔ 

مولانا نے کہا کہ یہ کتاب جو علم فقہ پر لکھی گئی ہے، حقیقت میں یہ وقت کی اہم ضرورت ہے، آج جن مسائل سے مسلمانوں کو واسطہ پڑتا ہے اس سے واقفیت ضروری ہے، جائز کیا ہے، ناجائز کیا ہے، حلال کیا ہے حرام کیا ہے! ہم صرف اپنی ذاتی پسنداور ناپسند پر عمل کرتے ہیں۔ ہم اسی وقت کامیاب ہو سکتے ہیں جب مکمل دین پر عمل پیرا ہوں۔ 

دارلعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ کے مہتمم حضرت مولانا سعید الرحمن اعظمی نے مولانا برہان الدین صاحب کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس کتاب سے لوگوں کے مطالعہ میں اور معلومات میں اضافہ ہوگا۔تقریب کا آغاز محمد سلمان کی تلاوت سے ہوا۔ نظامت مولانا فرمان ندوی نے کی۔ اس موقع پر ندویٰ کے معتمد تعلیمات مولانا سید واضح رشید ندوی، مولانا مفتی نیاز احمد ندوی، مولانا فیصل بھٹکلی ندوی، مولانا غفران ندوی، مولانا سلمان بجنوری ندوی، مولانا مناظر حسین ندوی وغیرہ موجود تھے ، صدر جلسہ کی دعا پر جلسہ اختتام کو  پہونچا۔


Share: