بنگلورو 21،نومبر (ایس او نیوز) موجودہ بیماریوں کا علاج طب یونانی کے ذریعہ ممکن ہے۔ یونانی ڈاکٹر، یونانی طریقہ علاج میں ہی پریکٹس کریں اورطب یونانی کے ذریعہ سماج اورمعاشرے کوصحت مند بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار یہاں بنگلورو میں یونانی ڈاکٹرس کے اجلاس میں کیا گیا۔ ساتھ ہی یونانی طریقہ علاج پربھی زوردیا گیا۔
بنگلورومیں این یوہاسپٹل اورکرناٹک یونانی ویلفئیرفاؤنڈیشن کے اشتراک سے اجلاس منعقد ہوا۔ اس اہم اجلاس میں یونانی طریقہ علاج میں نئے رجحانات، نئ ایجادات پرگفتگوہوئی۔ ساتھ ہی یونانی ڈاکٹروں اورطلبا کو دیگرطریقہ علاجوں کی بھی جانکاری فراہم کی گئی۔
اجلاس میں یونانی کے ابھرتے ہوئے ڈاکٹروں سے اپیل کی گئی کہ وہ یونانی طریقہ علاج کو عوام تک پہنچائیں۔ طلبا سے کہا گیا کہ طبی میدان میں ایسی کئی مثالیں موجود ہیں جہاں سنگین سے سنگین مرض کو طب یونانی کے ذریعہ دورکیا گیا ہے۔ بنگلورو کی سرکاری یونانی میڈیکل کالج کے سینئرافسررحمت اللہ نے کہاکہ بنگلورومیں حکومت کے تحت دو یونانی اسپتال قائم ہیں۔ ان اسپتالوں میں مفت علاج کے ذریعہ لوگوں کوراحت پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ عوام کوچاہئے کہ حکومت اس اسکیم سے فائدہ اُٹھائیں۔
کرناٹک یونانی ویلفئیر فاؤنڈیشن کے تحت وقت وقت پر یونانی ڈاکٹروں اورطلبا کیلئے خصوصی اجلاس منعقد کئے جارہے ہیں ۔ فاؤنڈیشن کے صدرڈاکٹرنسیم احمد کہتے ہیں کہ ایلوپیتھی کےغلبہ کے درمیان طب یونانی کوفروغ دینےکی ہرممکن کوشش کی جارہی ہے۔ اوران کوشش کے اچھے نتائج برآمد ہورہےہیں۔ کئی یونانی ڈاکٹروں کواپنے ہی طریقہ علاج میں آگے بڑھنے کا حوصلہ ملاہے۔