ممبئی،9 اگست؍(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )مشہوراسلامی اسکالر ڈاکٹرذاکر نائیک کے مبینہ اشتعال انگیز تقاریر کی تحقیقات کر رہی ممبئی پولیس نے اپنی رپورٹ مہاراشٹرکے محکمہ داخلہ کو سونپ دی ہے۔ذاکر نائیک مختلف مرکزی ایجنسیوں کے بھی جانچ کے گھیرے میں ہیں۔پرنسپل سکریٹری(داخلہ)وجے ستبیر سنگھ نے آج کہا کہ محکمہ داخلہ رپورٹ کی جانچ پڑتال کرے گا اور رپورٹ مزید کارروائی کیلئے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کو بھیج دی جائے گی۔ممبئی پولیس سے کہا گیا تھا کہ وہ نائیک کے آن لائن دستیاب پوری تقاریر کی جانچ کرے تاکہ یہ دیکھا جا سکے کہ کیا ان میں سے کسی نے نوجوانوں کو دہشت گرد تنظیموں میں شامل ہونے کیلئے حوصلہ افزائی کی ہے یانہیں۔ایسی خبریں تھی کہ ان تقاریر نے ڈھاکہ دہشت گرد حملوں میں شامل کچھ دہشت گردوں کو متاثر کیا تھا۔ممبئی پولیس نائیک کے اسلامی ریسرچ فاؤنڈیشن(آئی آر ایف) کے کام کاج کی جانچ پڑتال کیلئے(دیگر تفتیشی ایجنسیوں کے ساتھ)ایک مشترکہ تحقیقات کر رہی ہے۔نائیک فی الحال بیرون ملک ہے اور ڈھاکہ حملے کے کچھ حملہ آوروں کو اپنی تقریروں سے متاثر کرنے کے الزامات کو لے کر تنقید کا سامنا کر رہے ہیں۔میڈیا میں ایسی خبریں تھیں کہ اشتعال انگیزتقریروں نے گزشتہ ایک جولائی کو ڈھاکہ میں ایک ریستوران پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں میں سے کچھ کومتاثرکیاتھا۔حملے میں22افراد کی موت ہو گئی تھی۔