ممبئی24جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)ممبئی میں لوگوں کو اگلے ہفتے آنے جانے میں مسئلہ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کیونکہ ٹیکسی ڈرائیوروں نے اولا اور نکل جیسی کمپنیوں کے خلاف منگل سے غیرمعینہ ہڑتال پر جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹیکسی اور رکشہ یونین کے صدر کے کے تیواری کے مطابق حکومت جب تک ان کے مطالبات کو نہیں مان لیتی، ٹیکسی ڈرائیوراورآٹورکشاکاایک طبقہ26جولائی سے سڑکوں پرنہیں اترے گا۔ٹیکسی یونین کا دعویٰ ہے کہ نکل اورا ولا جیسے کیب کی سروس غیرقانونی ہیں۔تیواری نے فون پرکہا کہ حکومت سے ہمارامطالبہ ہے کہ ایسے کیب کو قانون کے تحت لایا جائے۔وہ آرٹی او سے ضروری منظوری لئے بغیرچلارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم یہ بھی چاہتے ہیں کہ حکومت ان کے خلاف کارروائی شروع کرے جنہوں نے قانون پرعمل نہیں کیاہے۔ہم اس وقت تک ہڑتال پر رہیں گے جب تک کہ حکومت ہمارا مطالبہ مان نہیں لے۔کیب کی وجہ سے ہمارے ڈرائیوروں کی آمدنی متاثر ہو رہی ہے۔