بنگلورو:29/اپریل(ایس او نیوز) ریاست بھر میں ملٹی پلکسوں کے ذریعہ افزود شرح پر ٹکٹوں کی فروخت پر روک لگانے کیلئے ریاستی حکومت نے پہل کرتے ہوئے تمام ملٹی پلکسوں میں یکساں طور پر 200 روپے ٹکٹ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ سدرامیا نے اس خصوص میں بجٹ میں بھی اعلان کیاتھا مگر اب تک اس پر عمل نہیں ہوپایا تھا۔ جس پر فلم چیمبر کے علاوہ فلم انڈسٹری کے کئی لوگوں نے حکومت پر دباؤ ڈالا، جس کے پیش نظر دو تین دنوں میں اس خصوص میں سرکاری احکامات جاری ہوجائیں گے۔ سدرامیا کے دورہئ دوبئی سے واپسی کے ساتھ ہی ملٹی پلکسوں میں دو سو روپے ٹکٹ شرح مقرر کرنے سے متعلق احکامات جاری کئے جانے والے ہیں۔محکمہئ اطلاعات ورابطہئ عامہ کے پرنسپل سکریٹری لکشمی نارائن نے بتایاکہ ملٹی پلکسوں میں یکساں ٹکٹ قیمت سے متعلق عنقریب احکامات جاری کئے جائیں گے۔ان کے مطابق اس خصوص میں عوام سے کسی بھی طرح کے مشورہ یا اعتراضات قبول نہیں کئے گئے ہیں۔ فلم اکاڈمی کے چیرمین ایس وی راجیندرا سنگھ بابو کی قیادت والی 14رکنی ٹیم نے اس خصوص میں حکومت کو رپورٹ پیش کرتے ہوئے ملٹی پلکسوں میں ٹکٹ کی شرح پر قابو پانے کی سفارش کی تھی۔