ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ملزم دیاشنکرسنگھ کاجوابی وار:مایاوتی نے راجیہ سبھا میں دئیے گئے بیان میں کی خواتین کی توہین 

ملزم دیاشنکرسنگھ کاجوابی وار:مایاوتی نے راجیہ سبھا میں دئیے گئے بیان میں کی خواتین کی توہین 

Thu, 21 Jul 2016 18:41:35    S.O. News Service

بلیا، 21؍جولائی(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا )بی ایس پی سربراہ مایاوتی پر نازیباتبصرہ کرنے کے الزام میں بی جے پی سے چھ سال کے لیے نکال دئے گئے دیا شنکر سنگھ نے جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مایاوتی نے راجیہ سبھا میں کل اپنی تقریر کے ذریعے خواتین کی توہین کی ہے۔سنگھ نے کل رات میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ وہ بی ایس پی سربراہ کے بارے میں دیئے گئے بیان کو لے کر معافی مانگ چکے ہیں، لیکن مایاوتی نے کل راجیہ سبھا میں جس طرح ان کی ماں، بہن اور بیٹی کو لے کر بیان دیا ہے، اس طرح انہوں نے بھی خواتین کی توہین کی ہے۔یہ پوچھے جانے پر کہ کیا وہ راجیہ سبھا میں دئیے گئے بیان کو لے کر بی ایس پی سربراہ کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے، سنگھ نے کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔مایاوتی پر تبصرے کے بعد بی جے پی کے ریاستی نائب صدر کے عہدے سے ہٹائے گئے سنگھ نے کہا کہ بی جے پی سے اخراج کا فیصلہ انہیں قبول ہے۔اگلے قدم کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ وہ سیاسی لیڈر ہیں اور سیاست کے ذریعے عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔سنگھ نے کہا کہ انہوں نے بی ایس پی سربراہ کو براہ راست طور پر کچھ نہیں کہا ہے، وہ بہت بڑی لیڈر ہیں اور چار بار اتر پردیش کی وزیر اعلی رہ چکی ہیں۔اس درمیان کل رات لکھنؤ میں اپنے خلاف مقدمہ درج ہونے کے بعد دیاشکر سنگھ روپوش ہو گئے ہیں، ان کا موبائل فون بھی سوئچ آف ہے۔ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (سٹی )کے سی سنگھ نے آج بتایا کہ پولیس نے کل رات سنگھ کی گرفتاری کے لیے ان کی رہائش گاہ پر دبش دی تھی، لیکن وہ گھر پر نہیں ملے۔بی ایس پی کی تحریک کو دیکھتے ہوئے دیاشنکر سنگھ کی بلیا میں واقع رہائش گاہ پر حفاظتی انتظامات سخت کر دئیے گئے ہیں ۔
دیاشنکر کے بلیا میں ہی روپوش ہونے کی بحث ہے جبکہ ان کے بھائی دھرمیندر سنگھ نے اپنی رہائش گاہ پر جمع ہوئے میڈیااہلکاروں کو بتایا کہ دیاشنکر آج علی الصباح گورکھپور چلے گئے ہیں۔بی جے پی کے ریاستی نائب صدر دیاشنکر سنگھ نے مؤ میں نامہ نگاروں سے بات چیت میں بی ایس پی صدر مایاوتی پر نازیبا تبصرہ کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ پیسہ دینے والوں کو الیکشن میں پارٹی کا ٹکٹ فروخت کرنے کا الزام لگایا تھا۔تاہم معاملہ طول پکڑنے پر انہوں نے معافی بھی مانگ لی تھی۔بہر حال، انہیں پارٹی نائب صدر کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا اور دیر رات انہیں بی جے پی سے بھی 6 سال کے لیے معطل کر دیا گیا تھا۔دریں اثنا، بی ایس پی نے پارٹی سربراہ مایاوتی کے خلاف نازیبا تبصرہ کرنے کے معاملے میں بی جے پی لیڈر دیاشنکر سنگھ کے خلاف کل دیر رات دارالحکومت کے حضرت گنج کوتوالی میں مقدمہ درج کرایا تھا۔بی ایس پی لیڈر میوا لال گوتم کی طرف سے درج کرائی گئی ایف آئی آر میں سنگھ کے خلاف درج فہرست ذات وقبائل استحصال روک تھام ایکٹ اور تعزیرات ہند کی دفعات لگائی گئی ہیں۔


Share: