نئی دہلی:27/اپریل (ایس او نیوز) معروف بالی ووڈ اداکار اور سابق مرکزی وزیر ونود کھنہ آج جمعرات صبح قریب 11:20 پر شہر کے ایک اسپتال میں چل بسے۔اُن کی عمر 70 سال تھی اورانہیں کینسر کا مرض لاحق تھا۔
جمعرات شام کو ہی ان کی آخری رسومات ادا کی گئی۔ اس موقع پر ہزاروں لوگوں کا ہجوم ورلی میں آخری رسومات کے لئے جمع تھا۔
ونود کھنہ نے کئی ہندی فلموں میں کام کیا، بالخصوص قربانی، امر اکبر انتھونی، مقدر کا سکندر، پرورش، انصاف سمیت کافی دیگر فلمیں سوپر ہٹ رہیں۔
ان کے انتقال پر صدر پرنب مکھرجی سمیت تمام مرکزی وزراء اور سیاسی لیڈروں نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صدر پرنب مکھرجی نے ٹوئٹر پر جاری اپنے تعزیتی پیغام میں کہاکہ ایک انتہائی باصلاحیت اور شہرت یافتہ اداکار اور ممبر پارلیمنٹ ونود کھنہ کے انتقال پر دلی تعزیت پیش کرتا ہوں۔مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے ٹوئٹر پر جاری اپنے تعزیتی پیغام میں کہاکہ تجربہ کار اداکار اور بی جے پی ایم پی شری ونود کھنہ جی کی المناک موت پر افسوس، بھگوان آنجہانی کی روح کوسکون اور ان کے اہل خانہ کو صبر عطافرمایے۔مرکزی وزیر مملکت ارجن رام میگھوال نے کہاکہ عظیم اداکار اور فعال سیاستدان اور ممبر پارلیمنٹ شری ونود کھنہ جی کے تکلیف دہ انتقال کے بارے میں جان کر گہرا دکھ ہوا،ان کی روح کو سکون ملے۔بی جے پی صدر امت شاہ نے کہاکہ ونود کھنہ جی کے انتقال سے رنجیدہ ہوں، میں ان کے اہل خانہ اور لاکھوں مداحوں کے لیے سب سے گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔اس کے علاوہ راج ناتھ سنگھ، سشما سوراج، اسمرتی ایرانی، جتیندر سنگھ، رام کرپال یادو، وجے گوئل، مختار عباس نقوی، پیوش گوئل، پرکاش جاوڈیکر اوم ماتھر، آر کے سنہا، بھوپندر یادو نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ۔
آخری رسومات میں فلم انڈسٹری کی بہت ساری شخصیات موجود تھیں۔