ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / معاہدۂ روم کے 60 سالہ جشن میں 27 ممالک کے سربراہان یکجا

معاہدۂ روم کے 60 سالہ جشن میں 27 ممالک کے سربراہان یکجا

Sun, 26 Mar 2017 11:47:10    S.O. News Service

روم،25؍مارچ(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)برطانیہ کو چھوڑ کر یورپی یونین کے 27 ممالک کے سربراہان اٹلی کے دارالحکومت روم میں’’معاہدہ روم‘‘ کی 60 ویں سالگرہ کے جشن میں شرکت کر رہے ہیں۔سنہ 1957 میں ہونے والے اس معاہدے کی یاد میں منعقدہ ایک تقریب میں یہ ممالک ایک نئے اعلامیے پر دستخط کریں گے۔ خیال رہے کہ معاہدہ روم کے سبب یورپی یونین کے قیام کا راستہ ہموار ہوا تھا۔برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے اس جشن میں شرکت نہیں کر رہی ہیں۔ وہ بدھ کو بریگزٹ کا عمل شروع کرنے کا منصوبہ رکھتی ہیں۔خیال رہے کہ گذشتہ بدھ ہونے والے دہشت گرد حملے کے پیش نظر شہر بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

پوپ فرانسس نے اس سربراہی اجلاس سے قبل تمام سربراہان مملکت کو ویٹیکن سٹی میں خوش آمدید کہا۔اپنے خطاب میں انھوں نے کہا کہ اگر مستقبل پر نظر نہ ہو تو ہر تنظیم کو مرنے کا خطرہ ہے اور اس طرح انھوں نے یورپی یونین کو تازہ جوش و قوت کے ساتھ آگے بڑھنے کا پیغام دیا۔انھوں نے موقع پرستوں کی جانب سے 'سکیورٹی کی جھوٹی شکلوں' پر متنبہ کیا جو وسیع اتحاد کے بجائے اپنے گرد حصار بنانا چاہتے ہیں۔

خیال رہے کہ اصلی معاہدہ روم کے بطن سے یورپی معاشی برادری شروع ہوئی تھی اور اس کے بعد ہی یورپی یونین کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکا۔اس معاہدے پر چھ ممالک بلجیم، فرانس، اٹلی، لکزمبرگ، نیدرلینڈز اور مغربی جرمنی نے دستخط کیے تھے۔

اس موقعے پر امریکہ نے یورپ کے رہنماؤں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ وائٹ ہاؤس نے ایک بیان میں کہا: 'اس طرح ہم ایک ساتھ مشترکہ سکیورٹی اور مشترکہ خوشحالی کے مزید 60 سالوں کی امید کرتے ہیں۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس اتحاد کے مخالف نظر آئے ہیں اور انھوں نے بریگزٹ کو اچھی چیز کہا ہے اور ان کے خیال میں مزید ممالک اس راہ پر چلتے ہوئے یورپی یونین سے علیحدگی اختیار کریں گے۔ہمارے نامہ نگار کہا کہنا ہے کہ نئے اعلامیے میں 27 ممالک مشترکہ خواہشات جاری رکھنے اور اس کی توسیع کا عزم کریں گے لیکن ان کو پورا کرنا بڑا چیلنج ہو گا۔


Share: