نئی دہلی:08/جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) دہلی اقلیتی کمیشن کے تدخل پر مشرقی دہلی میونسپل کارپوریشن میں بیس سال سے کام کرنے والے سات سو دس (710) ڈومیسٹک بریڈرچیکرز کو راحت ملی۔ یہ مزدور پچھلے بیس سال سے مشرقی دہلی میں مچھر وں کی افزائش نیز ملیریا اور ڈینگی کو روکنے کے کام پر لگے ہوئے ہیں۔ کارپوریشن ان کی سروس میں چار ماہ کا بریک دینے جارہی تھی لیکن کمیشن کے نوٹس پر اب اس نے ان مزدوروں کو صرف ایک دن کا بریک دے کر دوبارہ بحال کردیا ہے۔ یوں710 خاندان تباہ ہونے سے بچ گئے کیونکہ چار ماہ بغیر تنخواہ کے رہنا ان مزدوروں کے لئے ایک عذاب تھا۔کمیشن نے ان مزدوروں کی دوسری شکایت پر مشرقی دہلی میونسپل کارپوریشن کو مزید نوٹس جاری کیا ہے کہ ان 710 مزدوروں کو کیوں ریگولرائز نہیں کیا گیا جبکہ1987میں دہلی ہائی کورٹ کے جسٹس پی کے بہاری کے حکم پر اسی طرح کے مزدوروں کی ملازمت کو مستقل کیا گیا تھا۔اس کے بعد اپریل 2004 میں دہلی ہائی کورٹ مزیدفیصلہ کرچکا ہے کہ1987کے حکم کے مطابق مذکورہ کام پر لگے نئے مزدوروں کو بھی مستقل کیا جائے لیکن میونسپل کارپوریشن نے اب تک اس حکم پر عمل نہیں کیا ہے۔