تروونت پور م، 2 ؍اگست(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )مسلمانوں اور عیسائیوں کے خلاف مبینہ طور پر اشتعال انگیز تقریر کرنے کے بعد سابق وزیر مملکت اور کیرالہ کانگریس(بی )کے لیڈر آر بال کرشنا پلئی مشکل میں پھنس گئے ہیں۔ریاستی پولیس نے ان کے خلاف تحقیقات شروع کر دی ہے۔پولیس نے تین شکایتوں کی بنیاد پر تحقیقات شروع کی ہیں۔پولیس نے کہا کہ پلئی کے خلاف آگے کی کارروائی متنازعہ تقریر کی آڈیواورویڈیو فوٹیج کی جانچ کے بعد ہی شروع کی جائے گی۔پلئی کی مبینہ تقریر میڈیا میں آنے کے بعد سماج کے مختلف طبقوں ،خاص طور پر اقلیتی برادری سے وابستہ تنظیموں کی جانب سے احتجاج شروع ہو گیا ہے ۔حالانکہ کے سی بی لیڈر نے الزامات سے انکار کیا ہے۔انہوں نے مبینہ طور پر یہ تقریر حال ہی میں اپنے آبائی شہر پتھن پور م(کولم )میں نائر سروس سوسائٹی کے ایک پروگرام کے دوران کی ہے۔یہ ریاست کی اعلی ذات نائر کمیونٹی کی تنظیم ہے۔تقریر کی مذمت کرتے ہوئے مسلم تنظیموں نے ان کے جذبات مجروح کرنے کی وجہ سے کے سی بی کے لیڈر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیاہے ،ان تنظیموں کا الزام ہے کہ اس تقریر کا مقصد سماج میں فرقہ وارانہ کشیدگی کو بھڑکانا تھا۔