نئی دہلی، 17؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مرکزی وزیر وی کے سنگھ کی بیوی بھارتی سنگھ نے یہاں ایک شخص کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی ہے جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ وہ شخص چھیڑچھاڑ کر کے تیار کی گئی آڈیو ویڈیو کلپ کے ذریعے ان کے شوہر کو بدنام کرنے کے نام پر انہیں بلیک میل کرکے ان سے دو کروڑ روپے کی جبرا وصولی کی کوشش کر رہا ہے۔تغلق روڈ تھانے میں درج کرائی گئی اپنی شکایت میں سنگھ نے الزام لگایا کہ پردیپ چوہان نے انہیں دھمکی دی ہے کہ اگر پیسے ادا نہیں کئے گئے تو انہیں سنگین نتائج بھگتنے ہوں گے۔چوہان گڑگاؤں کا رہنے والا ہے۔پولیس کے ایک سینئر افسر نے بتایاکہ ہم معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور ملزم سے ہم نے پوچھ گچھ کی ہے۔اس کو جلد ہی دوسرے دور کی پوچھ گچھ کے لیے بلایا جائے گا، اسے اب تک گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔ایف آئی آر آئی پی سی کی دفعہ 384(جبری وصولی )اور دفعہ 506مجرمانہ دھمکی کے تحت 12؍اگست کو درج کیا گیا ہے۔شکایت میں کہا کہ پردیپ کو وہ اپنے بھتیجے کے دوست کے طور پر جانتی تھیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ وہ گزشتہ کچھ دنوں سے ان کو کال کر رہا ہے اور چھیڑچھاڑ کی گئی آڈیو اور ویڈیو کلپ کو عام کرنے کی ان کو دھمکی دے رہا ہے۔اس کلپ کے مواد کا انہیں علم نہیں ہے ۔ملزم نے مبینہ طور پر انہیں کئی بار فون کیا اور دھمکی دی کہ وہ ان کے شوہر کی ساکھ کو نقصان پہنچائے گا، اس نے مبینہ طور پر 6؍اگست کی رات کو انہیں بار بار فون کیا تھا۔سنگھ نے اپنی شکایت میں یہ بھی الزام لگایا کہ ملزم نے یو ٹیوب پر ایک ویڈیو بھی پوسٹ کیا تھا جس میں اس نے ان کے شوہر وی کے سنگھ اور خاندان کے خلاف جھوٹے الزام لگائے ہیں۔وی کے سنگھ مودی حکومت میں وزیر مملکت برائے خارجہ ہیں۔بھارتی نے اپنی سیکورٹی کو سنگین خطرہ ہونے کا بھی الزام لگایا ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ پردیپ ایک خطرناک شخص ہے، جو بندوق رکھتا ہے۔