نئی دہلی 22؍نومبر(ایس او نیوز) آیوروید ڈاکٹروں کو لے کر مرکزی حکومت نے بڑا فیصلہ لیا ہے۔ آیوروید کی ڈگری حاصل کرنے والے ڈاکٹر اب جنرل اور آرتھوپیڈک سرجری کے ساتھ ہی آنکھ، کان اور گلے کی سرجری بھی کرسکیں گے۔ سینٹرل کونسل آف انڈین میڈیسن کے مطابق حکومت سے ہری جھنڈی ملنے کے بعد پی جی کے طلبا کو سرجری کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی جائے گی۔ واضح رہے کہ آیوروید کے طلبا کو ابھی سرجری کے بارے میں پڑھایا تو جاتا تھا، لیکن وہ سرجری کرسکتے ہیں یا نہیں، اس کو لے کر کوئی واضح گائڈ لائن نہیں تھی۔
حکومت کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے بعد اب آیوروید کے ڈاکٹر بھی سرجری کرسکیں گے۔ حکومت کے نوٹیفکیشن کے مطابق آیوروید کے پی جی کے طلبا کو آنکھ، ناک، کان، گلے کے ساتھ ہی جنرل سرجری کے لئے خاص طور سے ٹریننگ دی جائے گی۔ حکومت کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق، ان طلبا کو گلکوما، موتیا بند ہٹانے، چھاتی کے گانٹھ، السر اور پیٹ سے بیرونی عناصر کی انخلا جیسے کئی سرجری انجام دینا درست ہوگا۔
ملک میں سرجن کی کمی کو کیا جاسکے گا دور: مرکزی حکومت کے آیوروید کے سابق مشیر ڈاکٹر ایس کے شرما نے حکومت کے اس فیصلے پر خوشی ظاہر کرتے ہوئے میل کا پتھر بتایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت سرجن کی کمی جھیل رہا ہے۔ حکومت کے اس فیصلے سے ملک میں سرجن کی کمی کو دور کیا جاسکے گا۔ اس کے ساتھ ہی دوردراز علاقوں کے مریضوں کو شہر بھاگنے کی ضرورت نہیں ہوگی اور انہیں اپنے علاقے میں ہی اعلیٰ سطح کا علاج مل سکے گا۔
(بشکریہ: اُردو نیوز 18)