نئی دہلی، 2؍ستمبر (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مرکزاوردہلی کی اروندکجریوال حکومت کے درمیان اختیارات کے مسئلہ جاری جنگ اب دہلی ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی درخواست پر ہی چلے گی کیونکہ سپریم کورٹ میں الگ سے اس معاملے میں شق 131کے تحت دائر کی گئی درخواست کوکیجریوال حکومت نے واپس لے لیا ہے۔اروند کیجریوال حکومت کی طرف سے دائر درخواست کو واپس لئے جانے کی اجازت دیتے ہوئے سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ عدالت نے فی الحال یہ طے نہیں کیا ہے کہ دہلی حکومت شق 131کے تحت درخواست دائر کر بھی سکتی ہے یا نہیں۔اس درمیان دہلی حکومت نے سپریم کورٹ کو یہ بھی بتایا کہ دہلی ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کر دیا گیا ہے۔گزشتہ سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے صاف کہا تھا کہ دہلی حکومت اس درخواست کو واپس لے اورہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج دے، ورنہ درخواست کو مسترد کر دیا جائے گا۔سپریم کورٹ کا کہنا تھا کہ چونکہ اسی معاملے پر دہلی ہائی کورٹ فیصلہ سنا چکی ہے، اس لیے آگے بڑھنے کے لیے اس کے فیصلے کو چیلنج دیا جانا چاہیے ، اور الگ الگ درخواست کا کوئی جواز نہیں ہے، کیونکہ دو معاملے ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔دراصل دہلی ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں دہلی حکومت کوجھٹکادیتے ہوئے کہا تھا کہ لیفٹیننٹ گورنر ہی دہلی کے سربراہ ہیں۔ویسے، آئین میں شق 131کے تحت یہ انتظام کیاگیاہے کہ اگر مرکز اور ریاست یا ریاستوں کے درمیان کوئی تنازعہ ہو تو سپریم کورٹ ہی سماعت کر سکتا ہے۔سپریم کورٹ نے سماعت کے دوران شق 131کے تحت درخواست دائر کرنے پر بھی سوال اٹھایا تھا اور کہا تھا کہ آپ خود کو ریاست کیسے کہہ سکتے ہیں۔