گریڈیہہ:19/مارچ(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا) شہری ترقیات کے وزیر سی پی سنگھ نے کہا کہ مذہبی اشتعال انگیزی سے کسی کا بھی بھلا نہیں ہوتا۔مذہب اورعقیدہ کے نام پر لڑنے والوں کو یوپی انتخابات سے سبق لینے کی ضرورت ہے، ہر طرح کے تنازعات کے بعد بھی یوپی کی عوام نے اپنے ملک کی ترقی اور امن و چین کے لیے بی جے پی کو واضح اکثریت سے جتایا، جہاں آج یوگی آدتیہ ناتھ نے وزیر اعظم مودی سمیت ملک بھر کے لیڈروں کی موجودگی میں وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لیا ہے۔وزیربرائے شہری ترقیات اتوار کو سائیں سیوا دھام میں تعمیر گوپورم مندر کی نقاب کشائی کرنے کے بعد منعقد پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ سنگھ نے سائییں دھام پریسر میں بنے چالیس فٹ پنچ مکھی ہنومان پرتما اور گنیش پرتما مندر کی تعریف کی۔