بھوپال:9/اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )مدھیہ پردیش کی بھنڈ سیٹ پر آج ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں، یہاں کی اٹیر سیٹ پر کانگریس امیدوار ہیمنت کٹارے پر حملہ ہواہے، پتھر بازی کی خبریں بھی ہیں اور یہ الزام بھی ہے کہ کانگریس امیدوار پر گولی بھی چلائی گئی ہے۔ہیمنت نے میڈیا سے کہاکہ الیکشن آفیسر بی جے پی کے لیڈر اور کارکنان بوتھ پر قبضہ کرنے میں لگے ہیں۔کٹارے کا کہنا ہے کہ کانگریس کارکنوں پر حملہ ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ ان پر فائرنگ کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ جب ہم وہاں پہنچے،تو ہمیں بھاگ جانے کوکہاگیااور جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی، کئی لوگ زخمی ہوئے ہیں۔کٹارے نے کہا کہ پولیس کو فون کرنے پر بھی کچھ نہیں ہورہا ہے، انہوں نے کہا کہ کوئی شکایت سننے کو تیار نہیں ہے۔کٹارے نے کہا کہ نیم فوجی دستوں کے ہتھیار چھیننے کی کوشش تک کی گئی ہے،انہیں بھی زخمی کر دیا گیا ہے،بیرونی غنڈے کو بلا کر بوتھ پر قبضہ جمانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔کٹارے کے ڈرائیور کا کہنا ہے کہ بوتھ کیپچرنگ کی خبروں کے بعد ہم وہاں جا رہے تھے، تبھی گاؤں والوں نے ہمیں گھیرلیااور حملہ کردیا،ہم کسی طرح سے جان بچا کر بھاگے، بعد میں یہاں پر فسادمخالف ٹیم کو تعینات کیا گیا ہے۔قابل ذکرہے کہ ملک کی 9 ریاستوں میں ایک لوک سبھا اور 10اسمبلی سیٹوں کے ضمنی انتخابات کے لیے اتوار کو ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔بھاری سیکورٹی انتظامات کے درمیان ووٹنگ ہو رہی ہے،اس کے بعد بھی جموں و کشمیر کے بڈگام میں حملہ آوروں نے پٹرول بم سے حملہ کر کے ووٹنگ کو متاثر کرنے کی کوشش کی ہے، لیکن صورت حال مکمل کنٹرول میں ہے۔