ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / مدھیہ پردیش میں بھاری بارش اور سیلاب سے تباہی، 17ہلاک، یوپی،بہار میں بھی حالات بگڑے 

مدھیہ پردیش میں بھاری بارش اور سیلاب سے تباہی، 17ہلاک، یوپی،بہار میں بھی حالات بگڑے 

Sun, 21 Aug 2016 20:38:46    S.O. News Service

نئی دہلی، 21؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)بھاری بارش اور سیلاب کی وجہ سے مدھیہ پردیش، اتر پردیش اور بہار میں تباہی مچی ہوئی ہے۔مدھیہ پردیش میں اب تک بارش کی وجہ سے17لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مدھیہ پردیش میں اتوار کو بھی بھاری بارش کاامکان ہے۔یہاں کے ستنا اور ریوا اضلاع سب سے زیادہ متاثر ہیں، یہاں ایئر فورس اور آرمی امدادی کاموں میں مصروف ہے۔اتر پردیش میں طغیانی پر بہہ رہی گنگا ندی سے متصل الہ آباد، وارانسی اور مرزا پور کے علاقہ زیادہ متاثرہیں۔بہار میں گنگااور گنڈک ندیوں میں طغیانی آئی ہوئی ہے ، یہاں بھی این ڈی آر ایف کی ٹیم کو تعینات کردیاگیاہے۔مدھیہ پردیش میں تمس ندی میں آئی طغیانی کی وجہ سے ستنا اور ریوا میں حالات تشویشناک ہیں۔ستنا میں اب تک تقریباََ4700اور ریوا میں1500سے زیادہ لوگوں کو سیلاب سے بچاکرمحفوظ مقامات پربنے راحتی کیمپوں میں رکھاگیاہے۔ریاست کے وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے سیلاب کے حالات کو لے کر اعلیٰ سطحی میٹنگ طلب کرلی ہے اورسیلاب سے متاثرہ علاقوں کادورہ بھی کر رہے ہیں۔آج وہ ستنا میں حالات کا جائزہ لیں گے۔محکمہ موسمیات نے بھاری بارش کی پیشین گوئی کی ہے جس نے لوگوں کی تشویش کو اور بڑھا دیا ہے۔یہاں ہیلی کاپٹر اور فضائیہ امدادی کاموں میں لگے ہوئے ہیں۔فوج اور این ڈی آر ایف کی بھی مدد لی جا رہی ہے۔ایک دن پہلے ساگر میں مکان گرنے سے ہوئی 7لوگوں کی موت کے بعد انتظامیہ نے متاثرہ خاندان کے لیے 4لاکھ کے معاوضے کااعلان کیاہے۔اتر پردیش کے الہ آباد، مرزا، وارانسی، مہوبہ، باندہ ، حمیر پور کے علاقے سیلاب سے زیادہ متاثر ہیں۔دو سالوں سے بوند بوند پانی کو ترس رہا بندیل کھنڈ کا علاقہ بھی پانی میں ڈوپ گیا ہے۔کئی مقامات پر گنگا ندی خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے۔دوسری ندیاں بھی اپنے شباب پر ہیں۔الہ آباد میں گنگا ندی کی آبی سطح بڑھنے سے رہائشی علاقوں میں پانی داخل ہو گیا ہے۔لوگوں کو گھر سے باہر نہ نکلنے کے لیے الرٹ جاری کیا گیا ہے۔مرزاپور میں سیلاب کا پانی گاؤں میں گھس گیا ہے۔بہار کے پٹنہ میں گنگا ندی نے اس بار1994میں بڑھے آبی سطح کے ریکارڈ کو توڑ دیا ہے۔الرٹ جاری کیا گیا ہے کہ اگلے پانچ دنوں تک گنگا ندی کا پانی اور بڑھ سکتا ہے۔سیلاب کی سنگینی کے کو دیکھتے ہوئے ایئر فورس اور فوج کو الرٹ کردیا گیا ہے۔انتظامیہ کی طرف سے گنگا ندی کے ساحلی علاقوں میں آباد لوگوں کو محفوظ مقامات پر جانے کو کہا جا رہا ہے۔ندی کے کنارے بنے گھروں میں اور سڑکوں پر گنگا کا پانی بہہ رہا ہے۔پٹنہ میں واقع سیلاب کنٹرول روم کے مطابق، ریاست میں گنگا، پنپن، گھاگھرا، بوڑھی گنڈک اور سون ندی کئی مقامات پر خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے۔


Share: