متھرا، 18؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )اتر پردیش کے متھرا ضلع میں آج صبح شہر کوتوالی علاقے میں ایک زیر تعمیر تین منزلہ عمارت کے منہدم ہو جانے سے اس میں موجود دو مزدوروں کی موت ہو گئی اور ایک دوسرا شدید زخمی ہو گیا، جس کو ضلع اسپتا ل میں داخل کرایا گیا ہے۔ضلع مجسٹریٹ نتن چندر شکلا نے بتایا کہ کوتوالی کے مہولی روڈ پر ایک زیر تعمیر عمارت کے منہدم ہوجانے سے وہاں کام کر رہے تین مزدور دب گئے جنہیں فوری طور پر ضلع اسپتا ل لے جایا گیا، ان میں سے 2 کی راستے میں ہی موت ہو گئی۔انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ ایک ڈیری کے مالک نے ایک دکان کے اوپر بنی تین منزلہ عمارت کے پاس والی زمین خرید لی تھی اور اس کو آپس میں جوڑنے کا کام کرایا جا رہا تھا۔یہ بھی پتہ چلا ہے کہ عمارت کے مالک نے متھرا-ورنداون ڈیولپمنٹ اتھارٹی سے بھی عمارت کی تعمیر کی کوئی اجازت نہیں لی تھی۔انہوں نے بتایا کہ جائے حادثہ سے ملبے کو ہٹایا جا رہا ہے اور یہ پتہ لگایا جا رہا ہے کہ ملبے میں کہیں کوئی اور مزدور تو نہیں دبا ہوا ہے۔پولیس نے بلڈر کے خلاف غیر ا رادتا قتل کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہے۔