لکھنؤ:28/جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)بستی ریلوے اسٹیشن پر جب مال گاڑی کا کھاد لدا ایک ڈبہ پہنچا تو اس کے کاغذات دیکھکر ما ل گودام کے افسر حیران رہ گئے۔ پتہ چلا کہ اس کھاد بھرے ڈبہ کو وشاکھاپٹنم سے بستی تک 1,326کلومیٹر فاصلے طے کرنے میں تقریبا چار سال لگ گئے۔ اس ڈبہ میں 1,316 ڈی اے پی کھاد کے بورے تھے جو 10 نومبر 2014 کو وشاکھاپٹنم سے بک کئے گئے تھے۔ یہ ڈبہ جمعہ کو دوپہر بستی پہنچا۔ اس بارے میں شمال مشرقی ریلوے کے سنجے یادو نے گورکھپور سے بتایا کہ یہ کھاد بھری مال گاڑی 2014 میں وشا کھا پٹنم سے بستی کے لئے بھیجی گئی تھی؛ لیکن اس کا ایک باکس وہاں سے روانہ ہوتے ہی خراب ہو گیا اور لان میں ہی کھڑا رہا۔دریں اثنا اس سے منسلک کاروباری رام چندر گپتا نے اس ڈبہ کے بارے میں کوئی معلومات نہیں لی اور ریلوے کو بھی اس بارے میں پتہ نہیں چلا۔ اب اس کین کے بارے میں گپتا کو معلومات دے دی گئی ہے۔