نئی دہلی،30؍جنوری (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )سروس ٹیکس محکمہ کی طرف سے 535کروڑ روپے کی بقایا رقم کے لیے مارچ میں شراب کے کاروباری وجے مالیا کی کنگ فشر ایئر لائنز کی نیلامی کی جائے گی۔ممبئی انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر لگی کنگ فشر ایئر لائنز کے کارپوریٹ جیٹ ایئر بس اے- 319کو بیچنے کے لیے ممبئی میں محکمہ نے کارپوریٹ جیٹ ایئر بس کی نیلامی کے لیے عالمی ٹینڈر جاری کیا ہے۔سروس ٹیکس محکمہ کے سیلز ایجنٹ، ایم ایس ٹی سی کی طرف سے یہ نیلامی 15اور 16؍مارچ کو منعقد کی جائے گی۔ای-نیلامی میں حصہ لینے سے تقریبا 24گھنٹے پہلے بولی لگانے والے ایئر کرافٹ سے منسلک تمام معلومات جیسے ایئر کرافٹ کی خصوصیات ، اس سے متعلق کاغذات وغیرہ کے بارے میں مکمل تفصیلات محکمہ سے لے سکتے ہیں۔
اس نیلامی کی گائڈ لائنس کے تحت ایئر کرافٹ کی نیلامی میں کامیاب ہونے کے بعد اس نیلامی عمل سے جڑے کسی طرح کے اصول وضوابط یا ایئر کرافٹ سے منسلک کسی معاملے پر سوال نہیں اٹھا سکتا ہے۔ممکنہ بولی لگانے والے افراد کو 14؍مارچ تک ایم ایس ٹی سی کو سود سے پاک بولی سے پہلے ایڈوانس ادائیگی کرنی ہو گی ۔ نیلامی میں شریک ہونے والے ہندوستانیوں کے لیے ای ایم ڈی ایڈوانس ادائیگی 50لاکھ روپے رکھی گئی ہے، جبکہ غیر ملکیوں کے لیے یہ رقم 75000ڈالر ہے۔گزشتہ سال مارچ میں محکمہ نے بامبے ہائی کورٹ میں دائر ایک درخواست میں دعوی کیا تھا کہ سروس ٹیکس معاملے میں مالیا کی کل رقم 535کروڑ روپے ہے، اس میں یہ بھی دعوی کیا گیا تھا کہ مالیا نے طیارے کے مسافروں سے سروس ٹیکس کے طور پر بڑی رقم لی ہے ، لیکن انہیں سرکاری خزانے میں جمع نہیں کیا۔