طرابلس،22/جون (آئی این ایس انڈیا) لیبیا کی نیشنل آرمی نے جنگ زدہ علاقے سرت کے 200 کلو میٹر کے علاقے کو نو فلائی زون قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سرت کا میدان ترکی کے لیے کھلا نہیں چھوڑ سکتے۔
لیبیائی فوج کے ترجمان میجر جنرل احمد المسماری نے اتوار کے روز ایک بیان میں کہا کہ ہم نے فوج کی نقل وحرکت سے متعلق کسی قسم کی معلومات جاری کرنے سے سختی سے روک دیا ہے۔
دوسری جانب لیبائی فوج کے ایک سینئر عہدیدار بریگیڈیئر خالد المحجوب نے کہا ہے کہ مسلح افواج سرت سے دست بردار نہیں ہوگی اور سرت میں ترکی کو اس کے عزائم مکمل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھاکہ ہمیں سرت کے لیے جتنی قربانیاں بھی دینی پڑیں دیں گے مگر ہم سرت ترکی اور اس کی حمایت یافتہ ملیشیا کے سپرد نہیں کریں گے۔
بریگیڈیئر المحجوب کا کہنا تھا کہ ہم نے ایردوآن کے اجرتی قاتلوں کا مقابلہ کرتے ہوئے ان کا ایک بڑا حملہ پسپا کردیا ہے۔ ہم سرت اور دوسرے شہروں میں پیش قدمی کے لیے تیار ہیں۔
درایں اثنا لیبیا کے پارلیمنٹ کے اسپیکر عقیلہ صالح نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ترکی لیبیا میں مداخلت ہی نہیں بلکہ اس پرقبضہ کرنے سازش کررہا ہے۔
انہوں نے عرب ممالک کی طرف سے لیبیا میں ترکی می مداخلت کی مذمت کو سراہاا اور مصر سے نیشنل آرمی کے لیے مدد کی درخواست کی۔