بنگلورو:17/مئی(ایس او نیوز) اترپردیش کے لکھنؤمیں کرناٹک کیڈر کے ایک جواں سال آئی اے ایس آفیسر کی مشتبہ حالت میں موجود نے ریاست کے سرکاری حلقوں میں سنسنی پھیلادی ہے۔ چار ہفتوں کی چھٹی پر گئے ہوئے کرناٹک کیڈر کے آئی اے ایس آفیسر انوراگ تیواری کی نعش آج صبح لکھنؤ کے قریب مشتبہ حالت میں سڑک کے کنارے پائی گئی۔ 2007کی بیاچ کے آئی اے ایس آفیسر 36 سالہ انوراگ تیواری لکھنؤ کے قریب حضرت گنج میرا بائی گیسٹ ہاؤز کے باہر مردہ پائے گئے۔ اتفاق سے آج ہی انوراگ تیواری کا جنم دن بھی ہے۔ پچھلے دو دن سے انوراگ تیواری میرا بائی گیسٹ ہاؤز میں مقیم تھے۔ بحیثیت آئی اے ایس آفیسر انوراگ تیواری نے بیدر، کورگ اضلاع میں بطور ڈپٹی کمشنر خدمات انجام دی ہیں اور حال ہی میں انہیں محکمہ ئ شہری رسد وخوراک کیلئے بطور کمشنر مقرر کیاگیا تھا۔پنجاب اسمبلی انتخابات کیلئے مرکزی الیکشن کمیشن نے انوراگ تیواری کو وہاں بطور مشاہد بھی طلب کیاتھا۔ ان انتخابات کے بعد وہ گھومنے کیلئے مسور ی گئے ہوئے تھے۔ مسوری میں ایک ماہ کی افزود تربیت حاصل کرنے کے بعد انوراگ تیواری نے چھٹی کی درخواست دی تھی جو ابھی منظور نہیں ہوئی تھی۔ حضرت گنج پولیس تھانہ کے انسپکٹر اے کے شاہی نے اس سلسلے میں ایک معاملہ درج کرلیا ہے۔ انوراگ تیواری کے پاس سے برآمد شناختی کارڈ کی بنیاد پر ان کی پہچان ہوپائی ہے۔ ابتدائی جانچ کے مطابق تیواری کے گلے پر چند زخموں کے نشان پائے گئے اس کے علاوہ جسم پر کوئی چوٹ نہیں آئی۔ پولیس افسران نے بتایاکہ پوسٹ مارٹم کے بعد ہی موت کی اصل وجہ معلوم ہوسکتی ہے۔ یہ بھی شبہ ظاہر کیا جارہاہے کہ اترپردیش کے ہی متوطن انوراگ تیواری اور ان کی بیوی کے درمیان جھگڑا ان کی موت کا سبب ہوسکتاہے۔ 17/ مئی 1981کو انوراگ تیواری پیدا ہوئے تھے اور آج ہی کے دن انہیں لکھنؤمیں مردہ پایا گیا۔ریاستی وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور نے اس سلسلے میں اترپردیش کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس سے تفصیلات طلب کی ہیں۔ ڈی جی پی نے یقین دلایا ہے کہ انوراگ تیواری کی موت کی جانچ کرائی جائے گی۔وزیر شہری رسد وخوراک یوٹی قادر نے انوراگ تیواری کی ناگہانی موت پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ وہ چھٹی پر گئے ہوئے تھے، ان کی موت کی وجہ کا پتہ ابھی چل نہیں پایا۔یہ بھی کہا جارہا ہے کہ وہ صبح کے وقت واکنگ کررہے تھے کہ اچانک دل کا دورہ پڑنے کے سبب ان کی موت ہوگئی۔ جو بھی ہو اس سلسلے میں اترپردیش پولیس کی طرف سے جانچ کی جائے گی۔ اور کرناٹک پولیس ضرورت پڑنے پر اس میں مدد بھی کرے گی۔ اس دوران وزیر اعلیٰ سدرامیا نے بھی انوراگ تیواری کی موت پر افسوس کا اظہار کیا اور کہاکہ اس سلسلے میں تمام تفصیلات ملنے کے بعد آگے کی کارروائی پر وزیر داخلہ سے مشورہ کرکے قدم اٹھائے جائیں گے۔