نئی دہلی، 12؍اگست(آئی این ایس انڈیا )لوک سبھا کی کارروائی آج غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی گئی۔اس مانسون سیشن میں جی ایس ٹی بل کا منظور ہونا حکومت کی سب سے بڑی کامیابی رہی اور ایوان کے0 2اجلاس میں 121گھنٹے کام کاج ہوا اور جی ایس ٹی سمیت 13بل منظور کئے گئے ۔لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن نے ایوان کی کارروائی غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کرنے کے اعلان سے پہلے مانسون سیشن میں نپٹائے گئے کام کاج کی معلومات ایوان کے سامنے رکھی۔انہوں نے بتایا کہ 16ویں لوک سبھا کا 9واں سیشن 18؍جولائی 2016کو شروع ہوا اور ایک موجودہ اور کچھ سابقہ ممبران پارلیمنٹ کے انتقال پر آنجہانی لیڈروں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ سیشن کے دوران کچھ اہم قانون سازی اور مالیاتی کام کاج کو پورا کیا گیا۔اس دوران 2016-17کے لیے گرانٹ کے ضمنی مطالبات اور متعلقہ اپروپرییشن بل کو منظور کیا گیا جس میں 4گھنٹے 53منٹ بحث ہوئی۔اسپیکر نے کہا کہ سیشن کے دوران 14سرکاری بل پیش کئے گئے اور 13بل منظور ہوئے جن میں انڈین میڈیکل کونسل ترمیمی بل 2016، دانتوں کے ڈاکٹر ترمیمی بل 2016، چائلڈ لیبر روک تھام اور ریگولیشن ترمیمی بل 2016، گمنام لین دین روک تھام بل 2015،قرضہ وصولی سے متعلقہ ترمیمی بل، ملازم معاوضہ ترمیمی بل، ٹیکسیشن ترمیمی بل اور فیکٹری ترمیمی بل 2016شامل ہیں۔اسپیکر نے بتایا کہ ایوان نے راجیہ سبھا کی جانب سے جی ایس ٹی سے متعلق 122ویں آئینی ترمیم بل میں کی گئی ترمیم کو منظور کیا اور راجیہ سبھا کی ترمیم پر اتفاق کیا۔انہوں نے کہا کہ سیشن کے دوران 400 سوالات فہرست بند تھے جن میں سے 99سوالات کے زبانی جوابات دئیے گئے۔یہ یومیہ کے حساب سے 4.95سوال ہوتے ہیں۔باقی سوالات اور 4600 دیگر نوعیت کے سوالات کے تحریری جواب ایوان کی میز پر رکھے گئے۔سیشن کے آخری دن ایوان نے کشمیر کی صورت حال پر ایک قرارداد منظورکی اور وہاں طویل عرصے سے جاری کرفیو ، تشدد اور لوگوں کے مارے جانے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ۔تجویز میں اس بات کا اظہار کیا گیا کہ ہندوستان کے اتحاد، سالمیت اور قومی سلامتی سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔