نئی دہلی، 3 ؍اگست(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )مرکزی حکومت اور این ایس سی این(آئی ایم) کے درمیان ہوئے امن معاہدے کا مسئلہ آج لوک سبھا میں اٹھا اور مرکز سے اسے حتمی شکل دیئے جانے کا مطالبہ کیا گیا ۔ناگالینڈ پیپلز فرنٹ کے نیپھو ر یو نے ایوان میں وقفہ صفر میں اس موضوع کو اٹھاتے ہوئے کہا کہ ٹھیک ایک سال پہلے مرکزی حکومت اور این ایس سی ا ین(آئی ایم) کے درمیان تاریخی امن معاہدہ ہوا تھا لیکن ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ناگالینڈ کے سابق وزیر اعلی نے کہا کہ 1997میں حکومت ہند اور این ایس سی ا ین (آئی ایم) کے درمیان جنگ بندی کے ایک معاہدے پر دستخط کیا گیاتھا اور اس کے بعد سے دونوں کے درمیان سو سے زیادہ دور کی بات چیت ہو چکی ہے۔انہوں نے اس مسئلے کا جلد از حل حل نکالنے کے لیے فوری اقدامات کی اپیل کی۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک انتہائی سنگین مسئلہ ہے کیونکہ اگراسے جلد حتمی شکل نہیں دیا گیا تو صورت حال دوبارہ بے قابو ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام آخری فیصلہ چاہتی ہے۔