بنگلورو:30/جون(ایس او نیوز) سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق آج آدھی رات سے ملک بھر کی شاہراہوں پر تمام شراب خانے بند کردئے جائیں گے۔ عدالت عظمیٰ کے اس حکم کی روشنی میں ریاست میں بھی 2000سے زائد شراب خانے بند ہوجائیں گے۔ قو می شاہراہ سے پانچ سو میٹر کے دائرہ میں کوئی بھی شراب خانہ اگر موجود ہے تو اسے 30جون کی رات تک بند کردینے کا سپریم کورٹ نے سختی سے حکم جاری کیا ہے، اور کل سے ملک بھر میں اس حکم پر عمل شروع ہوجائے گا۔ محکمہئ ایکسائز نے ریاست بھر میں ایسے دوہزار شراب خانوں کی نشاندہی کی ہے، ان شراب خانوں کے بند ہوجانے سے محکمہئ ایکسائز کو سالانہ چار ہزار کروڑ روپیوں کا خسارہ اٹھانا پڑ سکتاہے۔ ریاستی حکومت نے گزشتہ سال ریاست بھر میں 10165 شراب خانوں کی شروعات کیلئے لائسنس جاری کیا تھا، جن میں 1981 شراب خانے شاہراہوں پر ہیں۔ محکمہئ ایکسائز نے ان شراب خانوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے مالکان کو نوٹس جاری کردئے ہیں۔