الہ آباد، 8 ؍اگست(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )پولیس نے یہاں کے ایک اسکول کے منیجر کو گرفتار کرلیا ہے جس نے یوم آزادی پر قومی ترانہ کی اجازت نہیں دی تھی۔انتظامیہ نے آج اس اسکول کو سیل کرنے کی کارروائی شروع کی جو غیر قانونی طور پر چل رہا تھا نیز علاقے میں کشیدگی کی وجہ سے سیکورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے ۔حکام نے بتایا کہ بگھارا علاقے کے ایم اے کنویٹ اسکول کے مینیجر ضیاء الحق پر ملکی توہین ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کیا گیا ہے۔حکام کے مطابق اس معاملہ میں مجسٹریٹ جانچ کا حکم دے دیا گیا ہے کہ کس طرح اس اسکول کو انتظامیہ کی منظوری کے بغیر دو دہائی تک چلنے دیا گیا۔مجسٹریٹ جانچ میں مینیجر پر لگے الزامات کی بھی جانچ ہوگی۔بی جے پی نے اس اسکول کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔وشو ہندو پریشد اور ہندو یوا واہنی نے 72گھنٹے کے اندر اسے بند نہیں نہیں کئے جانے پر ہفتے کے روز سے تحریک چھیڑنے کی دھمکی دے ڈالی ہے ۔الہ آباد کے سابق ضلع مجسٹریٹ اینڈ ر ومیز نے کہاکہ محکمہ تعلیم سے اس اسکول میں داخل تقریبا 300طلبا کو کسی دوسرے اسکول میں منتقل کرنے کا بندوبست کرنے کی درخواست کی گئی ہے تاکہ ان کی پڑھائی متاثر نہ ہو۔اس معاملے میں محکمہ تعلیم نے ایف آئی آر درج کی ہے۔یہ معاملہ اس وقت روشنی میں آیا تھا جب اسکول کے پرنسپل سمیت 8 اساتذہ نے گزشتہ ہفتے استعفی دیاتھا کیونکہ انہیں یوم آزادی کے دوران قومی ترانہ کی اجازت نہیں ملی تھی۔ضیاء الحق نے اپنے اس اقدام کا یہ کہتے ہوئے دفاع کیا ہے کہ قومی ترانہ میں ’بھارت بھاگیہ ودھاتا‘ اسلام کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہے۔