دوحہ:13/دسمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)قطر کے وزیر برائے محنت اور سماجی بہبود عیسیٰ بن سعد ال جفالی ال نعیمی کا کہنا ہے کہ ملک میں غیر ملکیوں کے داخلے اور اخراج کے حوالے سے نیا قانون لاگو کیا جا رہا ہے۔عیسیٰ بن سعد ال جفالی ال نعیمی کا کہنا ہے کہ 2015کا قانون 21منگل سے نئی اصلاحات کے ساتھ فعال کر دیا جائے گا۔انھوں نے مزید کہا کہ یہ نیا اقدام ایک سال بعد قطری امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی کے جانب سے اصلاحات کو قانون کی شکل میں منظور کرنے کے بعد کیا جا رہا ہے۔قطر کا کہنا ہے کہ کفالہ نظام کی جگہ کنٹریکٹ کا قانون لایا جائے گا جس میں ملازمین کے لیے نرمی اور تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے گا۔تاہم انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ اس تبدیلی کے باوجود یہ نظام ایسے ہی اپنی جگہ برقرار رہے گا۔ انسانی حقوق کی تنظیمیں اس کفالہ نظام کو جدید دور کی غلامی قرار دیتے ہیں۔قطر نے سن 2022کے فٹ بال عالمی مقابلوں کے لیے تعمیراتی کاموں کی غرض سے سینکڑوں ہزاروں غیر ملکی مزدور بلوائے ہیں۔انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ ان مزدوروں میں سے بہت سے کام کرنے کے لیے سخت اور مشکل حالات کے باعث ہلاک ہو چکے ہیں۔قطر کا کہنا ہے کہ یہ نیا قانون منگل کے روز سے فعال ہو جائے گا۔
قطر نے 2022کے فٹ بال عالمی مقابلوں کے لیے تعمیراتی کاموں کی غرض سے سینکڑوں ہزاروں غیر ملکی مزدور بلوائے ہیں
حکومت کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ نئی قانونی تبدیلیوں کے تحت نہ صرف قطر نہیں بلکہ اس جیسے دیگر ممالک میں بھی مزدوروں کے حقوق کے احترام کو یقینی بنانے میں مددگار ہوں گی۔تاہم ایمنیسٹی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے کوئی بڑی تبدیلی نہیں آئے گی۔تنظیم کے جیمز لنچ نے اس قانون کے حوالے سے کہا کہ اس نئے قانون سے شاید کفالت کا لفظ ختم ہو جائے لیکن بنیادی نظام اپنی جگہ برقرار رہے گا۔انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق غیر ملکی مزدوروں کے لیے پھر بھی ملک چھوڑنے کے لیے اپنے مالکان سے اجازت لینا ضروری ہوگی۔اس سے قبل رواں سال ہی ایمنیسٹی انٹرنیشنل نے قطر پر 2022کے عالمی کپ کی تیاریوں کے لیے جبری مشقت کا الزام لگایا تھا۔قطر نے اس حوالے سے کہا تھا کہ اسے ان الزامات پر تشویش ہے اور وہ ان کی تحقیقات کر ے گا۔