ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / قرآن کریم کی تعلیم کوعام کرنا علماء کی ذمہ داری: مولانا اسرارالحق قاسمی

قرآن کریم کی تعلیم کوعام کرنا علماء کی ذمہ داری: مولانا اسرارالحق قاسمی

Thu, 16 Mar 2017 01:09:22    S.O. News Service

ممبئی:15/مارچ(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)گزشتہ بیس سالوں سے ادارہ دعوۃ السنہ مہاراشٹر کے زیر اہتمام ہر سال حج ہاؤس ممبئی میں مسابقۃ القرآن کا اہتمام کیاجاتا ہے اس سال بھی  دوروزہ مسابقۃ القرآن الکریم کا انعقاد کیاگیا جس میں شہر ممبئی کے علاوہ ملک کے کونے کونے سے تشنگان علوم اسلامیہ شریک ہوئے اور اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ اس سال پہلی پوزیشن چھ سال کے معصوم حافظ محمد صفوان ممبرا مہاراشٹر نے حاصل کی جنہیں مصری نائب قونصل جنرل ڈاکٹر صلاح عباللہ المحروس کے ہاتھوں سے 35/ہزار روپے کی خطیر رقم دی گئی۔ دوسرے اور تیسرے نمبر کے طلبہ کو بھی بالترتیب 25/اور15 ہزار کے انعامات سے نوازاگیا۔ اس موقع پر ملک وبیرون ملک کے علماء ودانشوران بھی شریک تھے جن میں مصر کے نائب قونصل جنرل کے علاوہ ممبر پارلیمنٹ مولانا اسرارالحق قاسمی، مولانا قاسم مظفر پوری، سہیل لوکھنڈوالا،ڈاکٹر عبدالروف سمار کے نام شامل ہیں۔ آخری نشست میں مشہور عالم دین اور ممبرا ٓف پارلیمنٹ مولانااسرارالحق قاسمی نے اپنے خطاب میں کہاکہ ملک میں چار لاکھ سے زائد دینی مدارس ہونے کے باوجود مسلمانوں کی اکثریت قرآن کریم کے علم سے ناواقف ہے، میں نے تقریبا ایک لاکھ گاؤں کا دورہ کیا ہے صورت حال انتہائی تشویشناک ہے لوگ قادیانیت، عیسائیت کے فتنے میں مبتلا ہیں مسلم بچے اور نوجوان قادیانیوں کے دام فریب میں آکر اپنا ایمان تباہ کر رہے ہیں،مجھے انتہائی افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ صرف چار فیصد بچے مدرسوں میں تعلیم حاصل کرتے ہیں جو ناکافی ہے، ہر مسلمان پر بنیادی دینی تعلیم کا حصول اللہ و اس کے رسول نے فرض کیا ہے انہوں نے مزید کہا کہ حالات گرچہ بہت خراب ہیں لیکن ہمیں ناامید ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔مولانا نے درد بھرے انداز میں علماء سے کہا کہ قرآن کریم پوری انسانیت کی ہدایت کیلئے اللہ پاک نے نازل فرمایا ہے اس لیے ہم علماء کا منصبی فریضہ ہے کہ اس کے پیغام کو ہندوستان کے ہر شہری تک پہنچائیں۔ قبل ازیں مصر کے نائب قونصل جنرل ڈاکٹر صلاح عبداللہ نے اپنے عربی خطاب میں چھوٹے اور معصوم حافظ قرآن صفوان کو دیکھ کر اپنی حیرت اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ قرآن کا اعجاز ہے کہ چھ سال کا ایک بچہ حافظ قرآن ہے۔ انہوں نے مولانا شاہد ناصری کو اس مسابقے کے انعقاد پر مبارک باد دی۔ قونصل جنرل کی عربی تقریر کا ترجمہ مولانا نجم الثاقب قاسمی ازہری نے سامعین کے گوش گزارکیا۔ اخیر میں مولانا محمد قاسم مظفر پوری قاضی شریعت بہار، اڈیشہ و جھاڑکھنڈ کی دعا پرمجلس کا اختتام ہوا۔ مکہ میگزین کے ایڈیٹر اور مسابقۃ القرآن کے کنوینر مولانا شاہد الناصری الحنفی اور مولانا اعجاز احمد ملی نے تمام مہمانان کرام کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پرمولانااسرارالحق قاسمی کو سماجی وتعلیمی میدانوں میں مسلمانوں کی بیش بہاخدمات انجام دینے اور تحریروتقریر کے ذریعے مسلمانوں میں بیداری پیداکرنے میں اہم رول اداکرنے پرملی ستارہ ایوارڈدیاگیا، جبکہ مکہ میگزین کے خصوصی شمارہ کا بھی اجرا عمل میں آیا۔ اس پروگرام میں مولانا ساجد ناصری صدر جمعیۃ علماء آندھرا پردیش وتلنگانہ، محمد نافع عارفی، مولانا دبیر عالم قاسمی، دارالعلوم اسراریہ سنتوشپورکولکاتہ کے مہتمم مولانا نوشیر احمد، نازش ہما قاسمی، شاہنواز بدر قاسمی، مولانا شمیم اختر ندوی، مولانا فضیل رحمانی استاذ معہدالولی ہرسنگھ پور دربھنگہ وغیرہ موجود تھے۔ پروگرام کی نظامت مولانا نافع عارفی قاسمی اور مولانا شمیم اختر ندوی نے کی۔


Share: