منگلورو۔یکم مارچ ( ایس او نیوز ) سابق مرکزی وزیر سینئر کانگریس رہنما جناردھن پجاری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سدارامیا اگر ریاست کی قحط زدہ صورتحال سے نمٹنے میں ناکام ہیں تو اقتدار چھوڑ دیں۔ یہاں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جناردھن پجاری نے وزیر اعلیٰ کو یہ چیلنج کیا اور کہا کہ ریاست میں قحط زدہ صورت حال پر کسی بھی پارٹی کو کوئی فکر نہیں ہے۔ لیکن ہائی کمان کو تحفہ دئے جانے کا موضوع چھایا ہوا ہے اور قحط زدہ صورتحال پر کورکمیٹی اجلاس میں بھی بحث نہیں کی گئی۔ انہوں نے سدارامیا کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ایک سابق وزیر اعظم کی جانب سے ریاستی صورت حال پر آنسو بہائے گئے لیکن وزیر اعلیٰ کو اس کی پروا نہیں ہے۔ اگر وہ صورتحال سے نمٹنے میں ناکام ہیں تو اقتدار چھوڑ دیں۔ انہو ں نے وزیراعلیٰ کے میڈیاصلاح کار دینس امین مٹو کے اس بیان کا خیر مقدم کیا کہ ڈائری میں جن کا نام ہے ان سے استعفیٰ لیا جائے لیکن سدارامیا میں اتنی ہمت نہیں ہے کیونکہ انہیں اقتدار سے زیادہ لگاؤ ہے ۔ ریاستی وزیر یوٹی قادر کی جانب سے کیرلا کے وزیر اعلیٰ کے دورہ منگلورو کی مخالفت کرنے والوں کے خلاف بیان کی مذمت کرتے ہوئے پجاری نے کہا کہ وزیر کے عہدہ پر رہتے ہوئے قادر کو اس طرح کا بیان جاری نہیں کرنا تھا، کیونکہ جمہوری نظام کو ہیں نہیں جانتے جس کے تحت ہر ایک احتجاج کرنے کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے جنتادل ایس کے ریاستی صدر سابق وزیر اعلیٰ کمار سوامی کو آواز دی کہ بی جے پی کی جانب سے بھی پارٹی ہائی کمان کو تحفہ میں رقم دئے جانے کے اگر ان کے پاس دستاویزات ہوں تو پیش کریں۔