نئی دہلی، 21؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ترکی کے وزیر خارجہ مولود کاؤسوگلو نے کہا ہے کہ فتح اللہ ٹیرار سٹ آرگنائزیشن (فیٹو )نے ہندوستان میں دراندازی کر لی ہے۔گزشتہ ماہ ترکی میں بغاوت کی ناکام کوشش کے لیے وہاں کی حکومت نے فیٹو کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔کاؤسوگلو نے اس بات پر زور دیا کہ فیٹوخفیہ بین الاقوامی مجرمانہ نیٹ ورک ہے جو پوری دنیا میں موجود ہے۔انہوں نے کہاکہ بدقسمتی کی بات ہے کہ فیٹونے تنظیموں اور اسکولوں کے ذریعے ہندوستان میں دراندازی کر لی ہے۔وزیر خارجہ سشما سوراج کے ساتھ بات چیت کرنے کے بعد میڈیا کو دیئے انٹرویو میں کاؤ سوگلو نے کہاکہ میں نے پہلے اس مسئلے کو اپنی ہندوستانی ہم منصب کے سامنے اٹھایا ہے۔انہوں نے کہاکہ ان تمام ممالک میں جہاں فیٹو کی موجودگی ہے، ان سے ہم اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنے علاقے سے ان کو دور کرنے کے لیے فوری اقدامات اٹھائیں۔ترکی کے وزیر خارجہ کے بیان پر وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے کہا کہ ہندوستان ترکی کے خدشات کو لے کر سنجید ہ ہے اور ہندوستان کی سیکورٹی ایجنسیاں فیٹو سے وابستہ ان تنظیموں کو بند کرنے کے انقرہ کے مطالبے پر غور کر رہی ہیں جو غیر قانونی سرگرمیاں چلا رہی ہیں۔ہندوستان اور ترکی کے لیے سبھی طرح کی دہشت گردی سے خطرہ ہونے پر زور دیتے ہوئے کاؤ سوگلو نے کہاکہ ان خطرات کو لے کر معلومات کے تبادلے اور دہشت گردی کے خلاف دو طرفہ اور کثیر الجہتی تعاون اور یکجہتی ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ اسی پر ترکی اور ہندوستان دونوں توجہ دے رہے ہیں۔گزشتہ ماہ ترکی میں بغاوت کی ناکام کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کاؤ سوگلو نے کہا کہ ترکی فوج کے ایک گروپ فیٹو کی قیادت میں 15؍جولائی کو بغاوت کی کوشش کی تاکہ جمہوری طریقے سے منتخب حکومت کو بے دخل کیا جا سکے۔کاؤ سوگلو نے کہاکہ ہماری جمہوری طریقے سے منتخب حکومت کو میری ہندوستانی ہم منصب سشما سوراج کی طرف سے جو فوری حمایت ملی ہم اس کی تعریف کرتے ہیں۔بغاوت کی ناکام کوششوں میں 240سے زیادہ لوگ مارے گئے تھے اور 1500سے زیادہ زخمی ہو گئے تھے۔