اجمیر شریف: 25/ مارچ(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)دہشت گردی اور فرقہ پرستی کے بڑھتے رجحان کے سد باب کے لیے صوفیاء اور اولیاء کرام کی تعلیمات کو ملک کے گوشے گوشے میں پہنچایا جائے گا۔اس عزم کے اظہار کے ساتھ آج خواجہ کی نگری اجمیر شریف میں جمعےۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی کے زیر سرپرستی میڈیکل کیمپ کا افتتاح عمل میں آیا، جس کے تحت عرس کے موقع پر زائرین کو طبی خدمات فراہم کیا جائے گا۔ آج یہاں کائیڈ وشرام استھلی میں منعقد ایک افتتاحی تقریب میں جمعےۃ علماء ہند اور درگاہ اجمیر شریف سے وابستہ ذمہ داران شریک ہوئے اور ایک ساتھ کھڑے ایمبولینس کو ہری جھنڈی دکھائی۔ اس موقع پر جمعےۃ علماء ہند کے سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی نے مولانا محمود مدنی کا پیغام پیش کرتے ہوئے کہا کہ صوفیاء کرام نے فرمان رسول کہ”دنیا کی ساری مخلوق ایک کنبہ ہے“ پر زرو دیا ہے۔ یہ وہی تعلیم ہے جس سے دنیا میں جاری بدامنی، دہشت گردی، فرقہ پرستی اور نسلی عصبیت پر قدغن لگایا جاسکتا ہے، اسی کے تحت جمعےۃ علماء ہند نے یہیں اجمیر میں منعقد اپنے ۳۳/ویں اجلاس عام میں اعلان کیا تھا کہ ملک بھر میں سو عظمت اولیاء کانفرنس منعقد ہو ں گی اور صوفیاء اور اولیاء کرام کی بلاتفریق انسانیت دوستی، بہی خواہی کو ملک کے گوشے گوشے میں پھیلا یاجائے گا۔مولانا حکیم الدین قاسمی نے کہا کہ جمعےۃ علماء ہند کے اکابر رحمہ اللہ کا حضرت خواجہ معین الدین چشتی ؒ سے قدیم تعلق ہے، حضرت شیخ الاسلام مولانا حسین احمد مدنیؒ اور مولانا حفظ الرحمن سیوہاروی ؒ تو یہاں بارہا حاضری دے چکے ہیں، اسی قدیم اور دیرینہ تعلق کو حضرت مولانا محمود مدنی صاحب نے م ضبوط کرنے کی کوشش کی ہے، انھوں نے کہا کہ ماضی میں بھی عرس کے موقع پر جمعےۃ علماء ہند کیمپ لگاتی رہی ہے، ۰۷۹۱ء میں دیوان صولت حسین مرحوم کی سرپرستی میں کیمپ لگاکرجمعےۃ علماء ہند کے کارکنوں اور خادموں نے جو بڑی خدمت انجام دیں، اسے ملک کے مختلف گوشوں میں سراہاگیا۔مولاناحکیم الدین قاسمی نے کہا کہ ہماری یہ مہم محض خدمت خلق نہیں بلکہ ہندستا ن میں ملت اسلامیہ ہند کے دوطبقوں کو قریب لانے کی جدوجہد کا حصہ ہے۔جمعےۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمودمدنی نے تنظیم کے ۳۳/ویں اجلاس عام میں ملت اسلامیہ ہند کے لاکھوں مسلمانوں اور اسٹیج پر موجو د سبھی مسالک اور سبھی مذاہب (ہندو و مسلم) کے سامنے اتحاد اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی بات کہی تھی اور امن و آشتی کے پیغا م کے لیے اس سرزمین کو سب سے زیادہ موزوں قرارد یاتھا۔مولانا مدنی نے یہ امید ظاہر کی تھی کہ اس سرزمین کی برکت سے ملک میں رہنے والوں میں یک جہتی اور اتحاد قائم ہو گا اور فرقہ پرستی کا خاتمہ ہوگا، خاص طور سے مسلمانوں کے مختلف طبقات کے درمیان جاری کشیدگی ختم ہو گی۔ مولانا محمود مدنی نے اس موقع پر یہ بھی کہا تھا کہ جمعےۃ علماء ہند، حضرت خواجہ رحمہ اللہ کے اس قول پر کاربند ہے کہ ”طریقت اور تصوف خدا کی محبت اور اس کے بندوں کی خدمت کے دو عناصر سے وجود میں آتا ہے اوراسی کا نام ولایت ہے“۔ اسی تصور کو جمعےۃ علماء ہند کے اکابرنے اپنی زندگی سے روشن اور قائم کیا اور خدمت خلق اور خدمت عوام کے راستے سے اسلام کے پیغام محبت وامن کو پھیلانے اورلوگوں کے دلوں میں ڈالنے کے لیے یہ راہ اپنائی۔ حاجی سید واحد حسین چشتی انگارا سکریٹری انجمن خدام سید زادگان درگاہ اجمیر شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ جمعےۃ علماء ہند پورے ملک میں خدمت خلق کرتی ہے، اور اس کی ایک تاریخ ہے جسے کوئی نہیں جھٹلا سکتا، یہ وہی جمعےۃ علماء ہند ہے جس کے جنرل سکریٹری مولانا حفظ الرحمن سیوہاروی نے تقسیم ہند کے پرآشوب دور میں جب اجمیر کے مسلمان منتشر ہوگئے تھے، اس وقت اجمیر شریف میں عرس و دیگر معمولات بند ہوگئے، تو انھوں نے خود آکر یہاں اجمیر شریف جا کر حضرات خدام کی ترجمانی کی، بلکہ ایک عرصہ تک ایسا رہا کہ نظم و نسق کی ذمہ داری ان پر ہی تھی۔انھوں نے کہا کہ جمعےۃ علماء ہند کے وابستگان خواجہ رحمہ اللہ سے کسی سے کم گہری عقید ت نہیں رکھتے، مجھے خوشی ہو رہی ہے کہ مولانا محمود مدنی صاحب نے اولیاء اللہ کی تعلیمات کو عام کر نے کا بیڑا اٹھا رکھا ہے۔ وہ ہمیں جہاں بلائیں گے، ہم جائیں گے۔ مولانا شبیر احمد نائب صدر جمعےۃ علماء راجستھان نے اپنے خطاب میں کہا کہ جمعےۃ کے زیر اہتما م یہاں میڈیکل کیمپ ۹/اپریل جاری رہے گا اور ان شاء اللہ ضرورت مندوں کی بھرپور خدمت انجام دی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے ایک ٹیم تیا رکرلی ہے اور ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اب ہرسال یہ خدمت انجام دی جائے گی۔ اس موقع پر دیگر خطاب کرنے والوں میں مولانا قاری محمد امین صاحب صدر جمعےۃ علماء راجستھان، مولانا ارشد سکریٹری جمعےۃ علماء ہند، مولانا سید سراج معینی درگاہ اجمیر شریف، مولانا حنیف صاحب نائب صدرجمعےۃ علماء راجستھان نے بھی خطاب کیا، نظامت کے فرائض مولانا شفیق احمد قاسمی آرگنائزر جمعےۃ علماء ہند نے انجام دیے۔ دیگر اہم شرکاء میں خاص طور سے سید آل بدر چشتی اجمیری، مفتی محمد عمران بڑودوی سکریٹری جمعےۃ علماء گجرات، مولانا رمضان جودھپور، مولانا ایوب اجمیر، مولانا قمر الدین، قاضی فرقان اجمیر، مولانا ابوالحسن پالن پوری، مولانا علیم الدین اجمیری، مولانا عظیم اللہ صدیقی قاسمی وغیرہ۔