تھانے:8/اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا ) کال سینٹر اسکینڈل کے مبینہ سازشی ساگر ٹھکر عرف شیگی کو تھانے پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ اس معاملے میں ہزاروں امریکی شہریوں سے تقریباََ30 کروڑ ڈالر کی دھوکہ دہی کی گئی تھی۔تھانے پولیس افسر کے مطابق ساگر کو کل رات ممبئی ہوائی اڈے پر اس وقت گرفتارکرلیاگیاجب وہ دبئی سے یہاں واپس آئے تھے۔ گزشتہ سال گھوٹالہ سامنے آنے کے بعد سے ہی یہ فرار تھا۔حکام نے بتایا کہ تھانے پولیس کی ایک ٹیم کے حکام نے ساگر کو کل ہوائی اڈے سے گرفتار کیا۔تھانے میں قریب نصف درجن کال سینٹروں کے ذریعے یہ گھوٹالہ سال 2013 سے چل رہا تھا۔ اس میں امریکہ میں رہ رہے کم از کم 15000 ٹیکس دہندگان کو نشانہ بنایا گیا تھا۔پولیس نے گزشتہ سال تھانے ضلع کے میرا روڈ پر واقع کال سینٹروں پر چھاپہ مارنے کے بعد اس گھوٹالے کا پردہ فاش ہوا تھا۔ پولیس ٹیم نے گینگ میں شامل احمد آباد میں واقع پانچ کال سینٹروں پر بھی چھاپہ مار کر انہیں بند کر دیا تھا۔