ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / فرانسیسی صدارتی امیدوار کو حاصل مامونیت کے خاتمے کا خطرہ

فرانسیسی صدارتی امیدوار کو حاصل مامونیت کے خاتمے کا خطرہ

Thu, 02 Mar 2017 11:24:19    S.O. News Service

پیرس یکم مارچ(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)یورپی پارلیمان کے ارکان نے اپنی ایک ساتھی رکن اور فرانسیسی صدارتی انتخابات میں انتہائی دائیں بازو کی خاتون امیدوارلے پین کے خلاف تفتیش کی اجازت دیتے ہوئے انہیں حاصل پارلیمانی مامونیت کے خاتمے کی راہ ہموار کر دی ہے۔بیلجیم میں برسلز اور فرانس میں اسٹراس برگ سے بدھ یکم مارچ کو موصولہ نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق فرانس میں آئندہ صدارتی الیکشن کے لیے انتہائی دائیں بازو کی قوم پسند خاتون امیدوار اور یورپی پارلیمان کی رکن مارین لے پین ممکنہ طور پر اب خود کو حاصل اس قانونی تحفظ سے محروم ہو جائیں گی جس کے تحت اب تک ان کے خلاف ایک یورپی رکن پارلیمان کے طور پر کوئی قانونی یا عدالتی کارروائی نہیں کی جا سکتی تھی۔اس سلسلے میں یورپی پارلیمان کی قانونی امور کی کمیٹی کے ارکان نے فیصلہ کر لیا ہے کہ پیرس میں فرانسیسی محکمہء انصاف کے لیے یہ ممکن بنا دیا جائے گا کہ وہ انتہائی دائیں بازو کی اس سخت گیر خاتون سیاستدان کے خلاف تفتیش کرسکے۔اے ایف پی کے مطابق مارین لے پین کے خلاف اس قانونی چھان بین کی وجہ ان کی طرف سے ٹوئٹر پر شائع کی جانے والی بہت خوفناک تصویریں بنیں۔ انتہائی حد تک تشدد کی مظہر ان تصاویرمیں ایسے افراد کو دکھایا گیا تھا، جو دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے عسکریت پسندوں کے مظالم کا نشانہ بنے۔یورپی پارلیمانی اہلکاروں کے مطابق مارین لے پین نے ٹوئٹر پر ’اسلامک اسٹیٹ‘ یا داعش کے انتہائی خوفناک مظالم کی جو تصاویرپوسٹ کیں، وہ انہیں شائع نہیں کرنا چاہیے تھیں۔ ان تصاویر میں سے ایک داعش کی طرف سے اغوا کردہ امریکی صحافی جیمز فولی کی سربریدہ لاش کی ایک ایسی تصویر بھی تھی، جو جہادیوں کی طرف سے ان کا سرقلم کیے جانے کے بعد اتاری گئی تھی۔فرانسیسی دفتر استغاثہ نے فرانس کی انتہائی دائیں بازو کی قوم پسند جماعت نیشنل فرنٹ کی اس خاتون سربراہ کے خلاف اپنی چھان بین کا آغاز دسمبر 2015ء میں کیا تھا، اور اس کا سبب لے پین کی شائع کردہ داعش کے خونریز مظالم کا نشانہ بننے والے افراد کی یہی تصاویر تھیں۔اس چھان بین کی روشنی میں پیرس میں ملکی پراسیکیوٹرز نے یورپی پارلیمان سے درخواست کی تھی کہ لے پین کو یورپی پارلیمان کی ایک منتخب رکن کے طور پر حاصل کسی بھی قانونی کارروائی کے خلاف تحفظ ختم کیاجائے۔اس درخواست کی اب اس یورپی پارلیمانی ادارے کی قانونی امور کی کمیٹی نے منظوری دے دی ہے۔مارین لے پین، جو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر فرانس اور یورپ میں مہاجرین اور تارکین وطن پر شدید تنقید اور اپنے اسلام مخالف بیانات کی وجہ سے بھی اکثر میڈیا میں سرخیوں کا موضوع رہتی ہیں، اپنے خلاف اس یورپی پارلیمانی پیش رفت کے ردعمل میں کہا، ’’اس اقدام سے فرانسیسی شہریوں کو پتہ چل گیا ہے کہ یورپی یونین کیا ہے؟ یورپی پارلیمان کیا ہے؟ یہ سب کچھ ایک ایسے نظام کا حصہ ہے، جس کا مقصد یہ ہے کہ مجھے فرانسیسی صدارتی انتخابات میں ملکی عوام کی نمائندہ امیدوار کے طور پر روک دیا جائے۔‘‘اے ایف پی کے مطابق یورپی پارلیمان کی قانونی امور کی کمیٹی کے فیصلے کے بعد اب پوری یورپی پارلیمان کو کل جمعرات دو مارچ کو ہونے والی ایک رائے شماری میں اپنی اس کمیٹی کے فیصلے کی توثیق کرنا ہے، جس کے بعد فرانس میں مارین لے پین کے خلاف اسٹیٹ پراسیکیوٹرز ممکنہ طور پر مقدمے کی کارروائی شروع کر سکیں گے۔ یورپی پارلیمان بالعموم ایسے سبھی فیصلوں کی توثیق کر دیتی ہے، جو اس کی کسی کمیٹی یا ذیلی کمیٹی نے کیے ہوں۔


Share: