ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / غیر قانونی کانکنی کے الزامات کی جانچ،سابق وزرائے اعلیٰ دھرم سنگھ اور کمار سوامی سامنا کرنے تیار

غیر قانونی کانکنی کے الزامات کی جانچ،سابق وزرائے اعلیٰ دھرم سنگھ اور کمار سوامی سامنا کرنے تیار

Thu, 30 Mar 2017 22:23:48    S.O. News Service

بنگلورو:30/مارچ(ایس او نیوز) سابق وزرائے اعلیٰ دھرم سنگھ اور ایچ ڈی کمار سوامی نے غیر قانونی کانکنی کے الزامات کے سلسلے میں ان کے خلاف پولیس کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم کی جانچ کرائے جانے سپریم کورٹ کے فیصلے پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے جانچ کا سامنا کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے اور کہا ہے کہ تحقیقاتی ٹیم کو اس کا کام کرنے میں بھرپور تعاون دیا جائے گا۔ سابق وزیراعلیٰ کمار سوامی نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ جسٹس سنتوش ہیگڈے کی رپورٹ کی بنیاد پر خصوصی تحقیقاتی ٹیم کے ذریعہ جانچ کرانے کا سپریم کورٹ نے جو حکم صادر کیا ہے اس کا وہ خیر مقدم کرتے ہیں۔تحقیقات کرنے والی ٹیم کے ساتھ وہ بھرپور تعاون کرنے کیلئے تیار ہیں، انہیں یقین ہے کہ اس سلسلے میں ان کے ساتھ ضرور انصاف ہوگا۔ ایک اور سابق وزیراعلیٰ دھرم سنگھ نے بھی سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ جانچ میں وہ بھرپور تعاون کریں گے۔ غیر قانونی کانکنی کے سلسلے میں سابق لوک آیوکتہ جسٹس سنتوش ہیگڈے کی رپورٹ میں پہلے ہی انہیں کلین چٹ دی جاچکی ہے، اسی لئے خصوصی تحقیقاتی ٹیم چاہے تو جانچ کرے وہ جانچ کا سامنا کرنے تیار ہیں۔ سابق وزیراعلیٰ ایس ایم کرشنا کی طرف سے کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شمولیت اختیار کرنے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے دھرم سنگھ نے کہاکہ ایس ایم کرشنا ایک سینئر سیاست دان ہیں،ناگوار حالات میں انہوں نے کانگریس چھوڑنے کا جو فیصلہ کیا ہے وہ غلط ہے۔ انہیں آگے بڑھ کر کانگریس کیلئے اس مشکل گھڑی میں ساتھ دینا چاہئے تھا۔ وزیر اعلیٰ سدرامیا کی طرف سے قدیم کانگریسیوں کو نظر انداز کئے جانے کے الزام پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ بذات خود ایک پرانے کانگریسی ہیں اور پارٹی میں برقرار ہیں تو پھر ایس ایم کرشنا کو پارٹی چھوڑ نے کی ضرورت کیوں پڑ گئی؟۔ دراصل ایس ایم کرشنا نے دیگر وجوہات کے سبب کانگریس پارٹی چھوڑی ہے۔ آنے والے انتخابی نتائج میں کانگریس کے مظاہرہ پر دھرم سنگھ نے کہاکہ محض اترپردیش کے انتخابات دیکھ کر ملک بھر کا فیصلہ کرنا درست نہیں۔ کانگریس پارٹی اب بھی مضبوط ہے، آنے والے دنوں میں راہول گاندھی پارٹی کو اور بھی مضبوطی کے ساتھ آگے بڑھائیں گے۔


Share: